مری میں 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سی ٹی او راولپنڈی

مری میں 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سی ٹی او ...
مری میں 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سی ٹی او راولپنڈی

  

راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) گزشتہ برس عید  کے موقع پر انتظامیہ کی غفلت کے باعث پیش آنے والے سانحہ مری کے بعد  سی ٹی او راولپنڈی  نوید ارشاد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے احکامات کے پیش نظر مری میں 8 ہزارسے زائد گاڑیوں کو داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ترجمان  راولپنڈی ٹریفک پولیس  کے مطابق  عید الاضحیٰ پر سیاحوں کی مری آمد  کے باعث ٹریفک پولیس کے 360سے زائد اہلکارفرائض کی انجام دہی میں مصروف عمل ہیں، ضلع انتظامیہ کے احکامات کے پیش نظر مری میں 8 ہزارسے زائد گاڑیوں کو داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی، مری میں اب تک سیاحوں کی2700سے زائد گاڑیاں داخل ہو چکی ہیں ۔

ترجمان کے مطابق  سی ٹی او نوید ارشاد مری میں موجود رہ کر تمام ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں، سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر داخلی راستوں و چیکنگ پوائنٹس پر ڈرائیونگ لائسنس چیک کیے جا رہے ہیں، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو مری میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

چیف ٹریفک آفیسر  نے کہا کہ سیاح حضرات ڈبل لائن بنانے و غلط پارکنگ سے گریز کریں، بارش کے باعث روڈ پر پھسلن ہونے کی وجہ سے گاڑی کی رفتار کم رکھیں،  ریڈیو سٹیشن  ایف ایم  88.6اور آفیشل سوشل میڈیا پیجز کے ذریعے مری کی ٹریفک صورتحال کے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ 

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -راولپنڈی -