اصل زندگی میں میری صرف سعود سے لڑائی ہوتی ہے، جویریہ
لاہور (فلم رپورٹر) ڈرامہ سیریل ”بے بی باجی“ میں منفی کردار نبھانے والی اداکارہ جویریہ سعود نے کہا ہے کہ عذرا ہر گھر میں موجود ہے اور ہر کوئی ڈرامے میں اپنے گھر کی عذرا کو دیکھ رہا ہوگا اور کہہ رہا ہوگا تم یہی کرتی ہو۔ایک انٹر ویو میں اداکارہ نے کہا کہ مجھے لگ رہا تھا کہ خواتین کردار کی تعریف کریں گی لیکن بوڑھے، بچے، جوان سب کہہ رہے ہیں کہ آپ نے تباہی مچادی ہے۔شاپنگ مال گئی تو ایک صاحب کی آواز آئی کہ ارے بھئی آپ نے کیا تباہی مچائی ہوئی ہے، بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جنہوں نے اب مقبولیت کے بعد ڈرامہ دیکھنا شروع کیا ہے۔جویریہ نے کہا کہ اگر اصل زندگی میں میری کسی سے لڑائی ہوتی ہے تو وہ صرف سعود ہیں اس کے علاوہ کبھی کسی سے لڑائی نہیں ہوتی۔میرے وہ تمام سین پسندیدہ ہیں جو سعود اور ثمینہ آپا کے ساتھ کیے ہیں کیونکہ ان کو چڑانے میں بہت مزہ آتا ہے۔