آرمی چیف پاکستانی عوام کی ریڈلائن ہے، گورنرسندھ
کراچی(آن لائن )گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ آرمی چیف پاکستانی عوام کی ریڈلائن ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کا کیس ملٹری کورٹ میں چلنا چاہئے۔یہ بات انہوں نے گورنر ہاس کراچی میں آئی ٹی گیٹ کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ہم کسی کی ذات کیلئے نہیں کھڑے،آرمی چیف کوئی بھی ہوسکتا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر تھوڑے دن بعد پاک فوج کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرتا ہے، میں اس بات کی سختی سے مذمت اور احتجاج کروں گا کہ اب تک چیئرمین پی ٹی آئی کو کیوں سزا نہیں ملی؟ سب کو معاف کرکے صرف چیئرمین پی ٹی آئی کا کیس ملٹری کورٹ میں چلنا چاہئے۔سندھ کے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ ایک لاکھ لوگوں کیلئے5لاکھ روپے تک مفت علاج کے ہیلتھ کارڈ کا اجرا ہونے والا ہے، میں نے آپ کو یہاں بلاکر نعرے، کرسیاں یا جھنڈے نہیں لگوائے، جو فلاحی کام میں کررہا ہوں اس پر بھی تنقید ہورہی ہے۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ مجھے کہا جاتا پورے سندھ تو کیا پاکستان میں بینر لگالو، جو بینرز پھاڑ رہے ہیں وہ نہیں چاہتے کہ آپ پڑھ لکھ جائیں ماہانہ15سے20لاکھ روپے کمائیں،گورنرسندھ نے کہا کہ روٹی کپڑا مکان تو کبھی 1کروڑ نوکریاں،50لاکھ گھروں کے نام پر بیوقوف بنایا گیا،اب اس صوبے کے نوجوان، بچوں، بچیوں کو بیوقوف نہیں بنانا، بانی ایم کیوایم کا معاملہ سیاست سے نہیں ریاست سے ہے، میں ریاست کا نمائندہ ہوں اور ریاست کے ساتھ کھڑا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج تنقید کی جارہی ہے کہ گورنرصاحب راشن بانٹ رہے ہیں، مفت راشن تقسیم کیا جارہا ہے اس میں کوئی کھانچہ نہیں ہے، عید والے دن20ہزار لوگوں نے راشن لیا ہے،100اونٹوں کی قربانی کا گوشت عوام کو دیا گیا ۔
گورنرسندھ