پاکستان میں مون سون شروع ہوتے ہی ہیضے کے کیسز میں اضافہ
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوتے ہی ہیضے کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا،عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں اس سال ہیضے سے اب تک 43 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔وفاقی حکام کے مطابق اب تک لیبارٹری سے تصدیق شدہ ہیضے کے 75 کیس رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق ہیضے سے سب سے زیادہ متاثر شہر کراچی ہے جہاں اب تک ہیضے کے 55 تصدیق شدہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں ضلع کورنگی کے علاوہ باقی 6 اضلاع سے ہیضے کے کیس رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ کراچی میں پچھلے 2 ماہ میں ہیضے سے کم از کم چار ہلاکتیں ریکارڈ ہوئیں، کراچی کے پانی میں ہیضے، ٹائیفائیڈ سمیت مختلف جراثیم اور وائرس پائے گئے گئے ہیں۔قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کے مطابق بارشوں کے مہینوں میں ہیضے کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے لہٰذا عوام صاف پانی پئیں، صابن سے ہاتھ دھوئیں اور صفائی کا خیال رکھیں۔ماہرین کے مطابق کراچی میں سیوریج ملا پانی ہیضے کے پھیلاؤ کا سب سے بڑا سبب ہے۔
ہیضے