سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں عوام کے مفت علاج کی منظوری
لاہور(جنرل رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ اجلاس میں سوشل سیکورٹی ہسپتالوں میں گھریلو ملازمین اور عوام کے مفت علاج سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے اورسوشل سیکورٹی ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں عوام کے مفت علاج کی منظوری دی گئی جبکہ گھریلو ملازمین کے سوشل سیکورٹی ہسپتالوں میں مفت علاج کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ سوشل سیکورٹی ہسپتالوں میں گھریلو ملازمین کے علاج کے اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی جبکہ گھریلو ملازمین ہیلتھ کارڈ پر بھی علاج کرا سکیں گے۔ ہیلتھ کارڈ کی مقررہ حد سے زیادہ اخراجات کی صورت میں ادائیگی حکومت پنجاب کرے گی۔ اجلاس میں گھریلو ملازمین کے علاج کو یقینی بنانے کے لئے پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کو 200 ملین روپے کی گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر سوشل سیکورٹی ہسپتالوں کے مریضوں کو ڈیجیٹل کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر، منصور قادر، سیکرٹریز صحت، خزانہ، لیبر، اطلاعات، کمشنر پیسی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے، محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ساہیوال ڈویڑن کے ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا- اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال کی نئی عمارت میں جدید کارڈیالوجی بلاک بنانے کافیصلہ کیا گیاجبکہ چلڈر ن ہسپتال کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کی پرانی عمارت میں قائم کیا جائے گا اورشہر کے اندر سے گزرنے والی ساڑھے چھ کلو میٹر دو رویہ جی ٹی روڈکی تعمیر وبحالی کی جائے گی-اجلاس میں ساہیوال کے سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ،واٹر ری چارج اورویسٹ مینجمنٹ کمپنی پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیاگیااورساہیوال،پاکپتن روڈ ستمبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی-اجلاس میں اوکاڑہ کی چھوٹی نہروں کی پختگی کے پراجیکٹ کابھی جائزہ لیاگیا-صوبائی وزراء منصور قادر، اظفر علی ناصر،عامر میر، سیکرٹریز آبپاشی،ہاؤسنگ، لوکل گورنمنٹ، تعمیرات و مواصلات، صحت، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،اوقاف اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ساہیوال کے کمشنر اور آر پی او،پاکپتن، اوکاڑہ اور ساہیوال کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے-
محسن نقوی