ٹریفک حادثہ، آن لائن ٹیکسی ڈرائیور اورخاتون مسافر جاں بحق
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ٹریفک حادثے میں آن لائن ٹیکسی ڈرائیور اور خاتون مسافر جاں بحق ہوگئے۔ڈیفنس فیز 8 میں تیزرفتارگاڑی ڈرائیورسے بے قابو پانے کے بعد فٹ پاتھ سے ٹکراکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں آن لائن ٹیکسی ڈرائیور اور خاتون مسافر جاں بحق ہوگئے اور ایک مسافر شدید زخمی ہوگیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی میں سوار افراد دور جاکر گرے اور گاڑی کو بری طرح نقصان پہنچا۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 30 سالہ علی رضا ولد نصرت اورخاتون کی 25 سالہ شینا کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے شخص کا نام زوہیب معلوم ہوا ہے۔پولیس کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والا شخص تاحال بیہوش ہے اور اس کے ہوش میں آنے کے بعد بیان قلبند کرنے پرہی حادثے سے متعلق مزید معلومات حاصل ہو سکیں گی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا ہے اس حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔