14ایکڑ اراضی پر قبضے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہیں: آباد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد)کے چیئرمین الطاف تائی نے منگھو پیر میں آباد کے سینئر ممبرالغازی بلڈر کی 14 ایکڑ اراضی پر قبضے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلہ حق و سچ کی فتح ہے۔چیئرمین آباد نے بتایا کہ منگھو پیر میں آباد کے سینئر ممبر الغازی بلڈر کی 14 ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قبضہ کیا گیا تھا جس کے خلاف بلڈر نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی اور زمین کی تمام دستاویزات جمع کرائیں جس پر عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ،سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن سمیت پولیس افسران اور دیگر متعلقہ حکام کو جواب طلبی کے لیے 9 اگست کو عدالت میں طلب کرلیا اور نجی فریقین کو الغازی بلڈر کی قانونی اراضی میں مداخلت سے روک دیا ہے۔الطاف تائی نے کہا کہ کراچی میں بلڈرز کی زمینوں پر لینڈ مافیا کی جانب سے قبضے معمول بنتے جارہے ہیں جس سے کراچی کا تعمیراتی شعبہ بری طرح متاثر ہورہا ہے جس سے شہری ترقی اور مجموعی معیشت کا نقصان ہورہا ہے۔الطاف تائی نے زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف عدالتوں کے فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عدلیہ ان بلڈرز اور ڈیولپرز کے لیے آخری امید ہے جن کی زمینوں پر لینٖڈ مافیا غیر قانونی قبضے کرنے کی کوشش کرتی ہے۔انھوں نے کہا کہ آباد انصاف کو یقینی بنانے اور بلڈرز کے حقوق کے تحفظ میں عدالتوں کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔الطاف تائی کا کہنا تھا کہ عدالت کے اقدام سے نہ صرف متاثرہ بلڈرز کو ریلیف ملتا ہے بلکہ یہ ایک طاقتور پیغام بھی جاتا ہے کہ زمینوں پر قبضوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔چیئرمین آباد نے کہا کہ زمین کے حصول اور رجسٹریشن کے عمل میں جامع اصلاحات لائی جائیں اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے تاکہ زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کا سلسلہ رک سکے۔