کراچی میں ایک اور شہری گھر کے اندر اندھی گولی کا شکار بن گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں ایک بار پھر شہری گھروں کے اندر اندھی گولیوں کا شکار بننے لگے ہیں، تازہ واقعے میں بلدیہ گلشن غازی کے ایک گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ، گلشن غازی میں ایک گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سے ایک شہری کی جان چلی گئی، جاں بحق شخص کی شناخت 20 سالہ صدیق کے نام سے ہوئی ہے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے کراچی کے مختلف علاقوں میں نامعلوم سمت سے آنے والی اندھی گولیاں گھروں کے اندر شہریوں کو شکار کر رہی ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شادی بیاہ میں فائرنگ یا دیگر مواقع پر ہوائی فائرنگ سے ایسے حادثات رونما ہو سکتے ہیں۔اس سے قبل جمعہ کو کراچی کے علاقے لانڈھی 36 سی، شیر آباد میں گولی لگنے سے لڑکی زخمی ہوئی تھی، بتایا جاتا ہے کہ لڑکی گھر کی چھت پر موجود تھی کہ نامعلوم سمت سے گولی آ کر لگی۔ لڑکی کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔