مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ ، انہیں کیوں مشاورت سے دور رکھا گیا؟حافظ حمد اللہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ ہیں، انہیں کیوں مشاورت سے دور رکھا گیا؟، مولانا فضل الرحمان کو کیسے نظرانداز کیا جا سکتا ہے؟دبئی میں ہونے والی مشاورت میں مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مارننگ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ نے کہاکہ آئینی طور پر الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، اسمبلیوں کی مدت 12 اور 13اگست کو ختم ہو گی،اسمبلی وقت سے پہلے توڑی جاتی ہے تو الیکشن 90روز کے اندر ہو گا، اگر اسمبلی وقت پر ختم ہوتی ہے تو 60روز کے اندر الیکشن ہو گا۔
ان کا کہناتھا کہ الیکشن کرانا پی ڈی ایم کی ذمے داری نہیں،الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے، ہم مقررہ وقت پر الیکشن چاہتے ہیں،حافظ حمد اللہ نے کہاکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اور حکمران اتحاد انتخابی اتحاد نہیں، ہر پارٹی الیکشن میں اپنی کارکردگی کے مطابق الیکشن میں جائے گی، ہر جماعت علیحدہ علیحدہ الیکشن لڑے گی ، البتہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔