سوشل میڈیا ٹرولنگ سے پریشان ہوجاتی ہوں،بولنے سے پہلے سوچنا چاہیے،حرا مانی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حرا مانی کا کہنا ہے کہ" سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کی وجہ سے پریشان ہوجاتی ہوں۔"
تفصیلات کے مطابق اداکارہ حرا مانی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ "سوشل میڈیا پر میرے بیان پر ہونے والی ٹرولنگ کی وجہ سے پریشان ہوجاتی ہوں لیکن میں مانتی ہوں کہ بولنے سے پہلے سوچنا چاہیے اس میں کوئی حرج نہیں ہے، میں نے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کے باعث بولنے سے پہلے سوچنا سیکھ لیا ہے۔"حرا مانی نے کہا کہ "لوگ بہت حساس ہیں ہماری باتوں کا کچھ اور مطلب نکالتے ہیں لیکن کیوں؟ وہ عام اور سادہ کیوں نہیں ہوسکتے ہیں؟ لوگ اتنا طنز کرتے ہیں کہ جب تک آپ تکیے میں منہ چھپا کر روئیں نہ اس وقت تک لوگوں کو سکون نہیں ملتا۔"
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ "جب بھی خواتین کے ساتھ برا سلوک ہوتا ہے تو میں ان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہوں۔"
حرا مانی نے کہا کہ "’میرے لیے فیمینزم کا مطلب یہ ہے کہ اگر سیٹ پر آپ کے ساتھ کوئی ایسی عورت ہے جو نئی ہے اور انڈسٹری کو نہیں جانتی ہے تو آپ کو اس کی رہنمائی کرنی چاہیے،ان کی زندگی میں مردوں کے ساتھ ان کا تجربہ کافی حد تک مثبت رہا ہے لیکن انہوں نے تسلیم کیا کہ ہر عورت کو یہ اعزاز حاصل نہیں ہوتا۔"
حرا مانی نے کئی معروف ڈرامہ سیریل "دو بول"،" میرے پاس تم ہو"،" بندش" سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ حرا مانی نے 2008 میں میزبان و اداکار سلمان ثاقب شیخ (مانی) کے ساتھ شادی کی تھی۔