جدہ میں مشاعرہ، شعراء نے سماں باندھ دیا
جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں معروف شاعر شہزادہ کشمیر راجہ عبدالحفیظ بابر اور سردار فرحان نے سماں باندھ دیا . سردار مہتاب سرور نے منارات کمپنی بریمان کے کیمپ میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے بہترین تفریحی تقریب کا اہتمام کیا، سردار مہتاب سرور کیساتھ سردار اسرار بشیر بھی تقریب کے شریک میزبان تھے . تقریب کے مہمان خصوصی پی وائی او کے راہنما اور جموں کشمیر کمیونٹی سعودی عرب کے چئیرمین سردار وقاص عنایت اللہ تھے.
مذکورہ شاعروں نے اپنی پرفارمنس سے حاضرین محفل کو خوب محظوظ کیا. حمد باری تعالی، نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم ، ملی نغموں اور مختلف گانوں سے جہاں محفل کے شرکا کو تفریح کا موقع فراہم کیا وہاں شرکا محفل نے بھی ان نغموں پر کھل کر داد دی. کشمیری ترانوں پر مجمع جھوم اٹھا. منچلوں نے نغمات پر بھنگڑے بھی ڈالے اور بسا اوقات کشمیر کی آزادی کے لیے آزاد کشمیر کا جھنڈا لہرا کر نعرے بازی بھی کی. حاضرین نے شہزادہ کشمیر راجہ عبدالحفیظ بابر کو متعدد مرتبہ گانا گاتے ہوئے کندھوں پر اٹھا کر پنڈال میں گھمایا . تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ بہت سارے نوجوان اپنے ساتھ آزادکشمیر کے جھنڈے لیکر آئے ہوئے تھے جو کہ تقریب میں پنڈال میں مختلف جگہوں پر لہراتے رہے. تقریب میں نہ صرف جدہ بلکہ سعودی عرب کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے. یاد رہے کہ مذکورہ شاعروں کے دو پروگرام ایک ریاض اور ایک دمام میں ہوچکے ہیں ان پروگراموں میں بھی کشمیری کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی تھی.
تقریب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کشمیری کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے کہا کہ ایسے پروگرامز اور تقاریب کا انعقاد ہوتے رہنا چاہیے کیونکہ اس سے کمیونٹی کو جہاں مل بیٹھ کر وقت گذارنے کا موقع ملتا ہے وہاں انکو پورا ہفتہ مصروفیت اور سخت کام کرنے کے بعد تفریح کا موقع بھی ملتا ہے جس سے وہ لطف اندوز ہو کر اپنی تھکاوٹ کو دور اور اپنی پریشانیوں کو بھلانے کی کوشش کر سکتے ہیں. انھوں نے تقریب کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا. کشمیری کمیونیٹی کی معروف سیاسی اور سماجی شخصیات سردار ایم اشفاق، راجہ شمروز، چوہدری خورشید متیال، چوہدری معروف حسین، چوہدری محمود حسین، چوہدری نعیم رحیم ، چوہدری خورشید، چوہدری ریان متیال نے خصوصی شرکت کی.