گاڑی کے انسٹرومنٹ کلسٹر میں موجود لائٹس کا کیا مطلب ہوتا ہے؟

گاڑی کے انسٹرومنٹ کلسٹر میں موجود لائٹس کا کیا مطلب ہوتا ہے؟
گاڑی کے انسٹرومنٹ کلسٹر میں موجود لائٹس کا کیا مطلب ہوتا ہے؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) گاڑی کے انسٹرومنٹ کلسٹر میں کئی طرح کی لائٹس ہوتی ہیں، جن کا سمجھنا ڈرائیور کے لیے ازحد ضروری ہوتا ہے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ نے ایک رپورٹ میں ان لائٹس کی تفصیل بیان کی ہے جو درج ذیل ہے:۔
چیک انجن لائٹ
یہ لائٹ روایتی طور پر انجن کی شکل کی ہوتی ہے۔ اس کے روشن ہونے کا مطلب ہوتا ہے کہ کار کے انجن یا امشنز سسٹم میں کوئی بڑی خرابی ہے۔ اس لائٹ کے روشن ہونے پر گاڑی کو کسی پروفیشنل کو ضرور دکھانا چاہیے۔
بیٹری وارننگ لائٹ
یہ لائٹ بیٹری کی شکل کی ہوتی ہے جس میں منفی اور مثبت کے نشانات بنے ہوتے ہیں۔ یہ لائٹ گاڑی کے چارجنگ سسٹم میں خرابی پر آن ہوتی ہے۔ اگر یہ لائٹ مسلسل آن رہے یا فلیش کرے تو گاڑی کی بیٹری، آلٹرنیٹر یا الیکٹرک سسٹم میں کوئی بڑی خرابی ہوتی ہے۔
آئل پریشر وارننگ لائٹ
یہ لائٹ آئل کین کی شکل کی ہوتی ہے جس سے آئل کا قطرہ ٹپک رہا ہوتا ہے۔ یہ آئل پریشر میں کمی یا آئل کا لیول کم ہونے کی نشاندہی کرتی ہے۔
ٹمپریچر وارننگ لائٹ
یہ لائٹ تھرمامیٹر کی شکل کی ہوتی ہے، جو انجن کا درجہ حرارت بڑھنے پر ظاہر ہوتی ہے۔ اگر یہ لائٹ روشن ہو یا سرخ ہو جائے تو یہ انجن کے اوور ہیٹ ہونے کی نشانی ہوتی ہے۔ ایسے میں گاڑی کو محفوظ جگہ پر روک کر انجن کو فوری بند کر دیں اوراسے ٹھنڈا کریں۔
بریکنگ سسٹم وارننگ لائٹ
اس لائٹ میں ایک دائرے کے اندر علامت استعجاب (Exclamation mark)بنی ہوتی ہے۔ یہ لائٹ کار کے بریکنگ سسٹم میں خرابی کی نشاندہی کرتی ہے۔
اینٹی لاک بریکنگ سسٹم (اے بی ایس) وارننگ لائٹ
اے بی ایس لائٹ میں ایک دائرے میں ’ABS‘ کے حروف لکھے ظاہر ہوتے ہیں۔ یہ گاڑی کے اینٹی لاک بریکنگ سسٹم میں خرابی کی نشاندہی کرتی ہے۔ اگر یہ لائٹ تادیر جلتی رہے تو اس کا مطلب ہے کہ سسٹم کے سنسرز، ہائیڈرالک یونٹ یا دیگر پارٹس میں کوئی خرابی ہے۔
ٹائر پریشر وارننگ لائٹ
اس لائٹ میں گاڑی کے ٹائر سے مشابہہ شکل کے اندر علامت استعجاب بنی ہوتی ہے۔ یہ لائٹ گاڑی کے ٹائروں میں ہوا کا پریشر کم ہونے کی نشاندہی کرتی ہے۔ 
ایئربیگ وارننگ لائٹ
اس لائٹ میں ڈرائیور کے سامنے ایک دائرہ بنا ہوتا ہے۔ یہ لائٹ گاڑی کے ایئربیگ سسٹم میں ممکنہ خرابی کے متعلق بتاتی ہے۔
سیٹ بیلٹ ریمائنڈر
اس لائٹ میں ڈرائیور کی شکل بنی ہوتی ہے جس نے سیٹ بیلٹ باندھ رکھا ہوتا ہے۔ اگر ڈرائیور سیٹ بیلٹ باندھنا بھول جائے تو یہ لائٹ اسے یاد دہانی کراتی ہے۔
فیول لیول وارننگ لائٹ
اس لائٹ میں پٹرول پمپ مشین کی شکل بنی ہوتی ہے جو گاڑی میں فیول کا لیول بتاتی ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -