وزیراعلٰی پنجاب کا مزدوروں کو 1224فلیٹس مفت دینے کا اعلان 

وزیراعلٰی پنجاب کا مزدوروں کو 1224فلیٹس مفت دینے کا اعلان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹیکسلا اور سندر لیبر کالونیوں میں مزدوروں کو ایک ہزار 224 فلیٹس بلا قیمت دینے کا اعلان کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ حکام نے وزیراعلیٰ کو محکمے کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں ورکرز سکالرشپ پروگرام، لیبر کالونیوں کے قیام، مزدوروں کیلئے ہیلتھ فیسیلٹی پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیکسلا اور سندر لیبر کالونیوں میں مزدوروں کے لئے ایک ہزار 224 فلیٹس بلا قیمت دینے کا اعلان کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے لیبر کیلئے 6 ارب روپے کی واجب الادا ڈیتھ اور میرج گرانٹ بھی ادا کرنے کا حکم دے دیا۔گزشتہ دور حکومت میں 29 ہزار سے زائد ورکرز کو ڈیتھ اور میرج گرانٹ ادا نہیں کی گئی تھی۔دوران اجلاس وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر گارمنٹ سٹی میں خواتین ورکرز کیلئے دو ہاسٹل بنانے کی بھی منظوری دے دی گئی، شیخوپورہ میں 704 خواتین ورکرز کو مفت رہائش فراہم کی جائے گی، وزیراعلیٰ نے محکمہ لیبر میں اصلاحات، آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ اور کم از کم اجرت کے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت نے رواں بجٹ میں کم از کم اجرت 37 ہزار روپے مقرر کی ہے، سٹیک ہولڈرز کو فوری طور پر اعتماد میں لے کر کم از کم اجرت نافذ کی جائے، ہر ورکر کو پوری اجرت نہ ملنا تکلیف دہ امر ہے، مریم نواز نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ایجوکیشن سے نوجوانوں کو ہنرمند بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے رکن صوبائی اسمبلی عدنان افضل چٹھہ نے ملاقات کی،ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں،عوامی مسائل اور ضروریات پر گفتگو کی گئی، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی ذیشان ملک، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، ٹیوٹا کورسز کیلئے طلبہ کی تعداد 4 ہزار سے بڑھا کر بتدریج 40 ہزار کی جائے گی، سکلز ڈویلپمنٹ کی ٹریننگ مکمل مفت ہے۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ٹیوٹا پروگرام میں مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق کورسز شامل کیے جائیں گے،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ایجوکیشن سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا چاہتے ہیں،نوجوان معاشی طور پر با اختیار ہوگا تو اپنی فیملی کو سپورٹ کرسکے گا۔   مریم نواز شریف سے لاہور بورڈ کے تحت میٹرک امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا اور طالبات کی ملاقات ہوئی۔لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے پوزیشن ہولڈرز میں محمد کاشف، معیز حیدر، عبید اللہ عثمان، ماہین سجاد، عبیرہ اصغر، زینب آصف، سحر شکیل، لائبہ،غلام ہمایوں دین، احتشام الحق، محمد فرحان، حفصہ، مائرہ عمران، حافظہ کائنات عامر، مائرہ خرم شامل تھے۔اس موقع پر ایک طالبہ اپنے گھر کے حالات بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئی، ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم کے لئے والدین پر بوجھ نہیں بننا چاہتی، پہلے لوگوں نے وعدے پورے نہیں کئے، اب پتہ چل رہا ہے مریم نواز ہماری وزیر اعلیٰ ہیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی دعوت سے فخر محسوس ہو رہا ہے۔ملاقات کے موقع پر مریم نواز شریف نے اعلیٰ تعلیم کے لئے پوزیشن ہولڈرز کی فیس کی ادائیگی کا اعلان کیا، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہونہار طلبہ کے درمیان بیٹھ کر فخر محسوس کر رہی ہوں، پوزیشن ہولڈرز کی قابلیت دیکھ کر رشک آتا ہے، بہت خوش ہوں کہ ملک کا مستقبل روشن ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو ٹرافیاں،تعریفی سرٹیفکیٹ اور انعاما ت دیئے۔مریم نوازنے پہلی پوزیشن ہولڈرز کو تین، تین لاکھ، سیکنڈ کو دو دو لاکھ اور تھرڈ پوزیشن ہولڈرز ایک ایک لاکھ روپے کے چیک دیئے۔

مریم نواز 

مزید :

صفحہ اول -