ظاہر شاہ طورو کا ویلج کونسل خزانہ ڈھیری، 2 گاؤں جلندر کا دورہ

 ظاہر شاہ طورو کا ویلج کونسل خزانہ ڈھیری، 2 گاؤں جلندر کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ نے گزشتہ روز اپنی حلقہ نیابت کے ویلج کونسل خزانہ ڈھیری 2 گاؤں جلندر  کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے علاقے کے عوام کے مسائل سنے اور ان کے بر وقت حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔صوبائی وزیر خوراک نے ویلج کونسل میں منعقدہ ایک عوامی اجتماع سے خطاب کیا، جس میں پارٹی کارکنان سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر عوام نے ظاہر شاہ طورو کو علاقے میں درپیش مسائل اور شکایات کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا جن میں پانی، سڑکوں کی خستہ حالی،صحت کی سہولیات اور بجلی سے متعلقہ مسائل شامل تھے۔ظاہر شاہ طورو نے عوام کے مسائل غور سے سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کاوشیں کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوام کے مسائل فی الفور حل کریں اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔علاقہ مکینوں نے صوبائی وزیر کی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ دورے کے اختتام پر صوبائی وزیر نے ویلج کونسل کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیا۔