الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے 

الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے 
الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔

الیکشن کمیشن میں عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کی توہین کے کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی، دوران سماعت شعیب شاہین کے معاون وکیل کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ کے پاس وکالت نامہ ہے تو جمع کروائیں ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لاء الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کیلئے اس کیس میں کوئی حکم امتناع نہیں ، جنوری میں آخری بار ہائیکورٹ میں اس کیس کی سماعت ہوئی تھی، ہائیکورٹ نے حتمی آرڈر پاس کرنے سے روکا تھا لیکن کارروائی کی جا سکتی ہے ۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ جوابدہ کیا ویڈیو لنک سے حاضری لگوا سکتا ہیں ، سول کیس میں تو حاضری ضروری نہیں، کریمنل کیس میں حاضری لازمی ہے ، پراسیکیوٹر الیکشن کمیشن نے کہا کہ قانون شہادت میں آپ ٹیکنالوجی کا استعمال کر سکتے ہیں، کورٹ ورچول حاضری کی اجازت دے سکتی ہے ۔

ممبر الیکشن کمیشن نے پوچھا کہ شعیب شاہین کہاں ہیں، معاون وکیل نے جواب دیا کہ شعیب شاہین ہائیکورٹ میں کیس میں مصروف ہیں، ممبر الیکشن کمیشن نےکہا کہ فواد چوہدری کہاں ہیں ، ان کے وکیل کہاں ہیں، کیا ہم ان کا وارنٹ نکالیں، معاون وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری ہائیکورٹ میں مصروف ہیں، ان کے وکیل فیصل چوہدری بھی کورٹ میں ہیں، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ فواد چوہدری تو جیل میں نہیں ان کا وارنٹ نکالتے ہیں، وکیل کی حاضری سے استثنیٰ تو چل جائے گی لیکن فواد چوہدری کہا ں ہیں، ہم فواد چوہدری کے معاملے پر فیصلہ کرتے ہیں۔

معاون نے کہا کہ ہائیکورٹ میں فواد چوہدری کا کیس چل رہاہے ، صائمہ جنجوعہ نے کہا کہ ہمارے کیس کوانہوں نے ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہائیکورٹ میں تو فوا د چوہدری کی حاضری ضروری نہیں ہے ، کمیشن آزاد ہے ، کسی کے ماتحت نہیں ، فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ نکالیں ۔

الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی ۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -