لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے اسسٹنٹ پروفیسر کی گاڑی پر فائرنگ، ڈرائیور جاں بحق
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور میں پولیس کی وردی میں ملبوس دو مبینہ حملہ آوروں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسرکی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ان کا ڈرائیور جاں بحق اور بھائی شدید زخمی ہو گیا۔ جوابی فائرنگ سے ایک مبینہ حملہ آور بھی مارا گیا۔پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے ڈبگری میں نامعلوم مسلح افراد نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شاکر حسین کی گاڑی کو روکا اور فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ڈاکٹر شاکر کا ڈرائیور جاں بحق اور بھائی شدید زخمی ہو گیا تاہم ڈاکٹر شاکر محفوظ رہے۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر شاکر کے بھائی الطاف حسین کو جگر میں ایک گولی لگی جس سے دیگر اعضا بھی شدید متاثر ہوئے۔ الطاف حسین کا آپریشن کر دیا گیا ہے تاہم اس کی حالت تشویش ناک ہے۔ ایس ایچ او تھانہ شرقی محمد ولی خان نے بتایا کہ دوحملہ آور تھے جو پولیس کی وردی میں ملبوس تھے جن میں سے ایک مارا گیا اور دوسرا فرارہونے میں کامیاب ہوگیا۔