پاکستانی ٹیم کی شکست پر برطانیہ میں آباد تارکین وطن دلبرداشتہ
برمنگھم (بیورورپورٹ)پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی چیمپئن ٹرافی میں مسلسل دوسری شکست پر برطانیہ میں آباد تارکین وطن سخت دلبرداشتہ ہو گئے ہیں، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو میچ کے اختتام پر پولیس کی بھاری نفری نے گھیرے میں لیکر ان کو ہوٹل تک پہنچایا جبکہ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے پاکستانی ٹیم کے بیشتر ارکان کوبرا بھلا کہا گیا۔سٹیڈیم میں موجود بیس ہزار سے زائد پاکستانی تماشبین نے اس امر پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم شکست سے سیکھنے کی بجائے مزید غلطیاں کرتی ہے، بھاری بھر کم تنخواہیں حاصل کرنیوالے کوچ اور عملہ اسکا ذمہ دار ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ اب بوڑھے کھلاڑیوں سے اپنی جان چھڑا لے ۔ علاوہ ازیں معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے برمنگھم کے ہوٹل میں رات بڑی بے چینی کیساتھ گزاری اور تمام کھلاڑی ناقص کارکردگی پر ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہراتے رہے اور صبح سویرے ٹیم کے ارکان کو سیکورٹی کے حصار میں برمنگھم سے روانہ کر دیا گیا۔ برطانیہ میں تارکین وطن نے نومنتخب وزیر اعظم میاں نواز شریف جو خود بھی کرکٹ کے شیدائی ہیں ٹیم کی حالت زار کا فوری نوٹس لینے کی درخواست کی ہے۔