کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس 23جون کو لاہور پہنچیں گے

کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس 23جون کو لاہور پہنچیں گے

لاہور( سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کی باضابطہ ذمے داریاں سنبھالنے نئے ہیڈ کوچ وقار یونس 23جون کو لاہور پہنچیں گے ۔پی سی بی کے ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف ہونے والی سیریز سے قبل وقار یونس لاہور میں پی سی بی کے حکام سے ملاقات کرنے کے علاوہ پاکستان ٹیم کا مختصر کیمپ بھی لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔پاکستانی ٹیم دو اگست کو سری لنکا کے دورے پر روانہ ہوگی۔ان کا کہنا ہے کہ مضبو ط ٹیم کی تشکیل ان کی اولین ترجیح ہے۔ نئی دہلی میں وقار یونس آئی پی ایل کے دوران ایک بھارتی ٹی وی کے لئے ماہرانہ رائے دیتے رہے۔دو جون کو وہ اپنے اہل خانہ سے ملنے آسٹریلیا کے شہر سڈنی چلے گئے ہیں۔تاہم وقار یونس کا پاکستان ٹیم کے منیجر معین خان کے ساتھ مسلسل رابطہ ہے۔وقار یونس نے پی سی بی کے ساتھ دو سالہ معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔البتہ وہ لاہور آکر پاکستانی حکام ،ٹیم انتظامیہ سے ملیں گے اور پاکستان ٹیم کے شیڈول کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کی پلاننگ کریں گے۔وقار یونس قومی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھ کر کھلاڑیوں کا ایک پول تیار کرنا چاہتے ہیں۔اس پلاننگ میں یہ بات بھی طے کی جائے گی کہ کون سا کھلاڑی کس فارمیٹ میں فٹ ہے۔یہ حکمت عملی ورلڈ کپ کو سامنے رکھتے ہوئے تیار کی جائے گی۔تاہم سابق کپتان اس بار مکمل اختیارات کے ساتھ ٹیم کے ہیڈ کوچ بنے ہیں۔اور سلیکشن میں بھی ان کی مشاورت کو اہمیت دی جائے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی