امراض دل سے نجات کے لئے ٹماٹر والی گولی

امراض دل سے نجات کے لئے ٹماٹر والی گولی
امراض دل سے نجات کے لئے ٹماٹر والی گولی

  

کیمبرج (نیوز ڈیسک) دل کی صحت کیلئے ٹماٹر کی بے پناہ افادیت کے پیش نظر سائنسدانوں نے ایک انتہائی کارگر اور زود اثر ٹماٹر والی گولی تیار کرلی ہے جو کہ وافر مقدار میں لائیکوپین نامی مادہ فراہم کرکے دل کی بیماریوں کو دور رکھے گی۔ لائیکوپین وہ مادہ ہے جو ٹماٹروں کو چمکدارسرخ رنگ دیتا ہے اور خون کی نالیوں کو صحتمند رکھتا ہے۔ کیمبرج یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے معلوم کیا ہے کہ دو ماہ تک روزانہ ایک گولی استعمال کرنے والوں میں دوران خون بہتر ہوگیا اور وہ لوگ جو ہارٹ اٹیک کا شکار ہوچکے تھے اُن میں دوبارہ اس کا خطرہ بہت کم ہوگیا۔ اٹیرونون نامی یہ ایک گولی تقریباً ایک کلو ٹماٹروں کے برابر لائیکوپین فراہم کرتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لائیکوپین خون کی نالیوں کی اندرونی سطح پر موجود خلیوں کو صحتمند کرتی ہے اور چونکہ یہ خلیے دوران خون کیلئے ذمہ دار ہوتے ہیں لہٰذا اس گولی کے استعمال سے تنگ شریانیں کھل جاتی ہیں اور ہارٹ اٹیک، انجائنا اور دل کے دیگر مسائل سے بچاجاسکتا ہے۔

مزید : تعلیم و صحت