کراچی ائیر پورٹ پر شہید ہونے والے اہلکاروں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں،ڈاکٹر وسیم

کراچی ائیر پورٹ پر شہید ہونے والے اہلکاروں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں،ڈاکٹر ...

لاہور( سپیشل رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پنجاب وپارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی ائیر پورٹ پر شہید ہونے والے اہلکاروں کوخراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملادیے۔حکومت ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے میں عملاًناکام ہوچکی ہے۔چوہدری نثار کابیان کہ”کچھ شواہد مل گئے ہیں حملے کے اشارے ایک ملک کی جانب ہیں“حقائق کے قریب ترین ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت قوم کو بتائے طالبان کے ساتھ مذاکرات کوکامیاب بنانے میں کونسی طاقتیںحائل ہیں۔جب تک مذاکرات کاسلسلہ جاری رہا ملک کسی بھی قسم کی بڑی دہشت گردی کی کاروائی سے محفوظ تھا۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مذاکراتی عمل کوسبوتاژ کیاگیا تاکہ پاکستان میں امن قائم نہ ہوسکے اور دشمن قوتیں خلفشار سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ناپاک عزائم پربا آسانی کام کرسکیں۔18کروڑ عوام کاحکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ مذاکرات کے دورکو دوبارہ شروع کرتے ہوئے اسے سنجیدگی سے کامیاب بنائے۔انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت دشمنوں کی سازشوں کانشانہ بناہواہے ایسے میں شمالی وزیرستان میں آپریشن کاواویلاکرنے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں۔تاریخ گواہ ہے کہ بلوچستان،کراچی اور سوات سمیت جہاں کہیں بھی اپنے ہی لوگوں کے خلاف آپریشن کیاگیا وہاں امن قائم ہونے کی بجائے لاقانونیت،احساس محرومی اور انتقامی جذبات نے جنم لیاہے۔جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ ملک کو بدامنی اور حالیہ دہشت گردی کی لہر سے نکالنے کے لئے قوم کومتحد ہوناہوگا۔جماعت اسلامی ملک میں امن کی خواہاں ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ حکمران دانشمندانہ فیصلے کریں۔ڈکٹیٹر کے کیے گئے فیصلوں کاخمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1