ڈاکٹرز،نرسزاور پیرا میڈکس کے مسائل حل کرنے کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں،سلمان رفیق

ڈاکٹرز،نرسزاور پیرا میڈکس کے مسائل حل کرنے کیلئے تاریخی اقدامات کئے ...

لاہور( جنرل رپورٹر)مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ڈاکٹرز،نرسزاور پیرا میڈکس کے مسائل حل کرنے اور ان کی فلاح بہبود کے لئے تاریخی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سروس سٹرکچر کے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیا گیا ہے اور اب محکمہ صحت سے وابستہ تمام سٹیک ہولڈرز کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ غریب مریضوں کے علاج ومعالجہ پر توجہ دیں۔انہوں نے یہ بات لاہور جنرل ہسپتال میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز میں چار درجاتی سروس سٹرکچر اپ گریڈیشن کے لیٹرز تقسیم کرنے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر انجم حبیب وہرہ،ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر پرویز امتیاز،ہیلتھ پروفیشنلز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور پیرا میڈکس کی کثیر تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر رانا بشارت علی نے الائیڈہیلتھ پروفیشنلز کے سروس سٹرکچر کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف اورخواجہ سلمان رفیق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کی تقریب وزیراعلی پنجاب کے نام کرتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ صحت میں کام کرنے والے تمام افراد ایک فیملی کی طرح ہیں اور سب کا مقصد مریضوں کی خدمت کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ چار درجاتی سروس سٹرکچر ملنے سے ہزاروں خاندانوں کی آمدنی میں اضافہ ہو گا اور خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب یہ ملازمین پوری لگن اور محنت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے اعلان کیا کہ پیرامیڈکس کے درجہ چہارم کے ملازمین کا مسئلہ بھی جلد حل ہو جائے گا اور محکمہ صحت کے مختلف اداروں/ ہسپتالوں میں کام کرنے والے بورڈ آف مینجمنٹ کے ملازمین کو بھی جلد خوشخبری سننے کو ملے گی۔ بعدازاں خواجہ سلمان رفیق نے ملازمین میں لیٹرز تقسیم کئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1