بجلی ، گیس اور پانی کی عدم دستیابی حکومت کی گڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے، نصیر احمد

بجلی ، گیس اور پانی کی عدم دستیابی حکومت کی گڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( سپیشل رپورٹر)لاہور میں بجلی ، گیس اور پانی کی عدم دستیابی مسلم لیگ ن کی حکومت کی گڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ کے رہنماؤں نصیر احمد ، عمر حیات تبسم، توقیر اکرم، رائے علی حسین ایڈووکیٹ، مسرت صدیقی، عبدالکریم میو نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت نے پچھلے سال کے تمام بجٹ کا پیسہ متعلقہ محکموں میں استعمال نہ کرکے عوامی مفادات کے منصوبوں کو زک پہنچائی ہے ، بجٹ کا تمام پیسہ روک کر سیپلمنٹری گرانٹ کے ذریعے انڈر پاسز اور میٹرو میں لگا دیا گیا ہے، لاہور میں بجلی ، گیس اور پانی کی عدم دستیابی سے شہری مشکلات کا شکار ہیں بجلی کی قیمتیں ڈبل کرنے کے باوجود عوام بجلی کو ترس گئے ہیں ، بجلی نہ آنے کے باوجود چند یونٹوں کا بل بھی ہزاروں میں آرہا ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ 18گھنٹوں تک جا پہنچی ہے بجلی کی عدم دستیابی سے پانی کا بحران شدید ہو گیا ہے ، ٹیوب ویلوں کی بندش کی وجہ سے شدید گرمی میں لاہور کربلا کی صورت اختیار کر گیا ہے جو پانی دستیاب ہے وہ سیوریج ملا ہوا ہے پاکستان واٹر کونسل کی رپورٹ کے مطابق پانی میں15 %آرسینک وائر س موجود ہے جس کی وجہ سے عوام کے گردے ، جگر اور جلد کے امراض میں کئی سو گنا اضافہ ہوچکا ہے لاہور میں 40سالہ پانی کے پائپ بدلنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ یہ پائپ ٹوٹ پھوٹ چکے ہیں اور ان میں سیوریج ملا پانی آرہا ہے اور لوگ یہ پانی پینے پر مجبور ہیں ، لاہور کے نزدیک بجلی بنانے کی فرم کو گیس کی فراہمی سے لاہور میں پہلی مرتبہ گرمیوں میں لوڈشیڈنگ شروع ہو چکی ہے ، شاہدرہ ، بادامی باغ اور نزدیک ترین علاقوں میں کئی دنوں سے گیس کا بحران ہے ، مسلم لیگ ن صرف اور صرف میٹرو بس اور میٹرو ٹرین چلانے کے لئے تمام بجٹ اور این ایف سی سے ملنے والی رقم خرچ کر رہی ہے جبکہ مفاد عامہ کے منصوبوں کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ضروریات زندگی کی عدم دستیابی مسلم لیگ کی میرٹ اور گڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ صحت ، تعلیم امن و امان کے شعبوں کو زیادہ فنڈ فراہم کئے جائیں کیونکہ لوگ زندہ اور صحت مند رہیں گے تو میٹرو بس اور اورنج ٹرین پر سفر کریں گے۔