صوبے کے بجٹ میں آل پارٹیز فنانس کمیشن پنجاب کا اعلان کیا جائے، تنویر اشرف کائرہ

صوبے کے بجٹ میں آل پارٹیز فنانس کمیشن پنجاب کا اعلان کیا جائے، تنویر اشرف ...

  


لاہور( سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کے آئندہ بجٹ میں آل پارٹیز فنانس کمیشن پنجاب کا اعلان کیا جائے جسکی ذمہ داری یہ ہو کہ وہ مقامی حکومتوں کے فنڈز کی تمام ضلعوں کے درمیان منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے۔ یہ بات انہوں نے یہاں سے جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کمیشن میں پنجاب اسمبلی کی تمام پارلیمانی پارٹیوں کو نمائندگی دی جائے جو مالی وسائل کی ضلعوں کے درمیان تقسیم کو سیاست سے بالاتر رکھے۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز فنانس کمیشن پنجاب اس وقت تک کام کرتا رہے جب تک صوبے میں مقامی حکومتیں قائم نہیں ہو جاتیں ۔ انہوں نے یاددلایا کہ ابھی تک مقامی حکومتوں کے فنڈز دوسرے ان منصوبوں پر خرچ کئے گئے ہیں جنکی اکثر تعداد لاہور میں ہے اور یہ سراسر بے انصافی ہے۔ تنویر اشرف کائرہ نے مقامی حکومتوں کے فنڈز کی دوسرے منصوبوں کے لیے ٹرانسفر پر آڈیٹر جنرل پاکستان نے اعتراضات اٹھائے تھے اس وجہ سے وہ ان ٹرانسفر شدہ فنڈز کو قوائد و ضوابط کے مطابق قرار نہیں دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیر فنانس کمیشن ضلعوں کے درمیان مقامی حکومتوں کے مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے ۔ اسکے علاوہ کمیشن ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کے مصرف کی مانیٹرنگ کا بھی ذمہ دار ہو ۔تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے لیے مختص ترقیاتی فنڈز کی ترقی یافتہ علاقوں کے منصوبوں کے لیے وقف کرنا پسماندہ لوگوں کی ترقی کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے کیونکہ یہ سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کے نظریات سے بھی متصادم ہے۔ تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ امتیازی ترقیاتی حکمت عملی سماجی ترقی کے لیے زہرِ قاتل ہے کیونکہ اس سے علاقائی نفرتیں بڑھتی ہیں۔ ترقی کو سماجی ہم آہنگی کا ذریعہ ہونا چاہیے نہ کہ اسکو تقسیم کر نے کا ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -