حکومت پنجاب کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے ایپکا قائدین سے کامیاب مذاکرات

حکومت پنجاب کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے ایپکا قائدین سے کامیاب مذاکرات

  

لاہور (پ ر) سول سیکرٹریٹ لاہور میںوزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر حکومت پنجاب کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی ایپکا پنجاب کے صدر حاجی محمد ارشاد کے ساتھ باضابطہ میٹنگ منعقدہوئی ۔جس میں سرکاری ملازمین کے ٹائم سکیل پروموشن اور صوبہ خیبر پختون خوا کی طرز پرملازمین کی اپ گریڈیشن کے معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔صوبائی صدر ایپکا حاجی محمد ارشاد نے کمیٹی کے چیئرمین ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے استفسار پر دونوں معاملات پر مکمل روشنی ڈالی اورانہیں اس بات پر قائل کیاکہ موجودہ مہنگائی کے دور میں سرکاری ملازمین موجودہ تنخواہوں میں نہ تو گزارا کر سکتے ہیں اور نہ ہی سالہا سال ایک ہی عہدوں پر کام کر سکتے ہیں لہذا اپ گریڈیشن اور ٹائم سکیل پروموشن کسی ایک کیڈر یا ایک ہی پوسٹ کے حامل ملازمین کے لیے نہیں بلکہ تمام کے تمام گریڈ 5تا 16(ٹیکنیکل ، نان ٹیکنیکل) ملازمین کو دیا جائے۔تفصیلی میٹنگ کے بعدایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ٹائم سکیل پروموشن کے لیے سیکرٹری فنانس کو تمام محکمہ جات کے سربراہان سے ایسے تمام ملازمین گریڈ 5تا 16(ٹیکنیکل ، نان ٹیکنیکل) کا ریکارڈطلب کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔جن کو سروس سٹرکچر ہونے کے باوجود یا سروس سٹرکچر کے نہ ہونے کی وجہ سے عرصہ دراز سے تاحال پروموشن نہ مل سکی ۔سیکرٹری فنانس کو درجہ چہارم کے ملازمین کے لیے فی الفورٹائم سکیل پروموشن کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھی ہدایت جاری کر دی۔سیکرٹری فنانس کوہدایات جاری کی گئیں کہ فوری طور پر صوبہ خیبر پختون خوا کی طرز پر پنجاب بھر کے تمام سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن کے لیے اُٹھنے والے مالی اخراجات کا تخمینہ لگا کرسمری وزیر اعلی ٰ پنجاب سے منظوری کے لیے بھیج دی جائے۔میٹنگ کے دوران صدر ایپکا پنجاب حاجی محمد ارشاد نے کمیٹی پر یہ واضح کیا کہ گذشتہ سال کی تنخواہوں میں اضافے کے وقت بھی پنجاب کے ملازمین کی تنخواہیں5فیصد کم بڑہائی گئیں تھیںلہٰذا رواں سال میں پنجاب کے تمام ملازمین کو دوسرے صوبہ جات کے برابر اضافہ دیا جائے لہٰذا صوبائی بجٹ منظور ہونے سے پہلے پنجاب میں مکمل ہڑتال ، تالہ بندی اور مطالبات کی منظوری تک پنجاب اسمبلی کے باہر ملازمین دھرنہ دیں گے۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے ساتھ سیکرٹری فنانس ، سیکرٹری ریگولیشن ،ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ،ایڈیشنل سیکرٹری فنانس اور ڈپٹی سیکرٹری پرسانل موجود تھے اور ایپکا پنجاب کی نمائندگی ایپکا پنجاب کے صدر حاجی محمد ارشاد نے کی۔

مزید :

صفحہ آخر -