وزیر اعظم سکیم کے تحت 40ہزار طلباکو فیس واپس ،5لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے،مریم نواز شریف

وزیر اعظم سکیم کے تحت 40ہزار طلباکو فیس واپس ،5لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے،مریم ...

                                 ملتان (سٹاف رپورٹر) چیئرپرسن پرائم منسٹریوتھ لون سکیم مریم نوازنے کہاکہ آئندہ سالوں میں ایم اے ،ایم ایس سی ،ایم فل ،ایم ایس اورپی ایچ ڈی کے طلباءوطالبات میں پانچ لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے ۔گزشتہ روز بہاﺅالدین زکریایونیورسٹی ملتان میں پرائم منسٹرسکیم فیس واپسی برائے کم ترقی یافتہ ایریازکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ جس طرح والدین اپنی اولاد کی فیس اورتعلیم کے لئے پریشان ہوتے ہیں وزیراعظم نوازشریف بھی پاکستان کی نوجوان نسل خصوصاََطلباءوطالبات کی تعلیم اوران کے تعلیمی اخراجات کے لئے پریشان ہوتے ہیں اوراسی لئے یہ سکیم متعارف کرائی ہے تاکہ کم وسائل اورکم ترقی یافتہ علاقوں کے نوجوان تعلیم سے محروم نہ رہیں ۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کی ہرلمحہ یہی کوشش ہے کہ ملک سے دہشت گردی ختم ہواوربجلی کے بحران سے عوام کونجات ملے ۔انہوںنے کہاکہ میں اورمیری ٹیم یوتھ کی بھلائی کی مختلف سکیموں پروزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں دن رات کام کررہی ہے اگرہم اتنی محنت نہ کرتے توشاید یہ سکیمیں ابھی فائلوں میں ہی دب گئی ہوتیں ہم جوکچھ بھی کررہے ہیں آپ پراحسان نہیں بلکہ اپنا فرض سمجھ کر کررہے ہیں اامیر لوگ لاکھوں خرچ کرکے اپنے بچوں کو تعلیم دلاسکتے ہیں ہم نے اس سکیم کے تحت پورے ملک کوشامل کرتے ہوئے اس سال 40ہزاربچوں کوفیس واپس کریں گے اوریہ بغیرکسی سیاسی وابستگی کے ہورہاہے جبکہ کچھ ایسے طالب علم بھی ہیں جن کو 80ہزارروپے تک واپس دیئے گئے ہیں ۔مریم نواز نے کہاکہ اس پوری سکیم کوکامیاب بنانے میں ایک ای سی نے دی رات زبردست کام کرکے رمضان شریف سے قبل ہی پیسوں کی واپسی کویقینی بنایا ہے جلدہی ملک کے مزید علاقوں کو بھی اس سکیم میں شامل کرلیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ یوتھ لون کے تحت چند ماہ قبل قرض لینے والی چندخواتین نے اپنی پہلی قسط بھی اداکردی ہے اوروہ اب زبردست منافع بھی حاصل کررہی ہیں اس کامطلب ہے کہ پاکستانی یوتھ میں بہت ٹیلنٹ ہے ہم خواتین کو مزید بااختیاربنانا چاہتے ہیں اسی طرح پرائم منسٹر سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 25ہزار نوجوانوں کوفنی تربیت بمعہ وظیفہ شروع کراچکے ہیں اسی طرح قرض حسنہ کی سکیم بھی اسی ماہ شروع کررہے ہیں یوتھ لون سکیم کے تحت یوٹیلٹی سٹور کی فرنچائز18لاکھ روپے میں دیں گے ۔انہوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب کی محرومی کی بات اکثرہوتی ہے تاہم شہبازشریف اس علاقہ کی ترقی کے لئے بہت کام کررہے ہیں ملک کی سب سے بڑی میٹروبس ملتان کے لئے منظور کی گئی ہے ،میٹروبس جس سے فاصلے بھی سمٹ گئے ہیں اوروقت کے ساتھ ساتھ کرایہ کی مدمیں بھی عوام کو بے انتہابچت ہورہی ہے پرتنقید کرنے والوں کو خداہی ہدایت دے پیشہ قوم کی امانت ہے اورہم ہرسکیم میں ٹرانسپیرنسی کویقینی بناتے ہیں ۔مریم نواز نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے 5ہزارطلباءوطالبات کوفیس واپس کررہے ہیں جبکہ دیگر 5ہزار طلباءوطالبات کاڈیٹا پراسس کررہے ہیں اس سال مجموعی طورپرجنوبی پنجاب کے 10ہزار طلباءوطالبات کوفیس واپس کریں گے ۔آپ میں سے جس کو فیس کی واپسی میں کوئی مسئلہ درپیش ہووہ ڈائریکٹ مجھے ٹویٹر پررابطہ کرسکتے ہیں یاپھر ہمارے کمپلین سیل میں اپنی شکایت درج کرائیں میں تمام معاملات کوخوددیکھوں گی ۔انہوںنے کہاکہ آج یہاں بیٹھے ہوئے نوجوان طلباءوطالبات مستقبل کے مضبوط پاکستان کی بنیاد ہیں آپ پاکستان کاروشن مستقبل ہیں امید ہے آپ تعلیم حاصل کرنے کے بعد جگہ جگہ پھیلا ہوا رشوت اورکرپشن کاناسورختم کریں گے صوبوں کے درمیان ناعاقبت اندیشوں کی طرف سے پھلائی جانے والی نفرت اورتعصب کو ختم کریں گے کیونکہ ہم پہلے پاکستانی بعدمیں سندھی پنجابی پٹھان بلوچی یاکشمیری ہیں جوہمیں تقسیم کرتے ہیں یاجومذہبی منافرت پھیلاتے ہیں آپ ان کو ملک سے باہر نکالیں ان کاراستہ روکیں ۔اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹرمختارنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی اس سکیم کی وجہ سے اب کم ترقی یافتہ علاقوں کے طلباءوطالبات اعلیٰ تعلیم آسانی سے حاصل کررہے ہیں اوریہ ایک خاموش انقلاب ہے ہماری قوم میں بہت پوٹینشل ہے وہ دن دورنہیں جب سب کو صاف پانی وافرخوراک ملے گی ملک میں نامورسائنسدان اورریسرچرزپیداہوں گے یہی طلباءوطالبات کرپشن کاخاتمہ اورسفارش کلچر ختم کریں گے اورامید ہے دہشت گردی کالفظ ہماری ڈکشنری سے مٹ جائے گاحکومت سے درخواست ہے کہ لیپ ٹاپ ،فیس واپسی سکل انہاسمنٹ جیسی اوربھی مفیدسکیمیں لائیں اس وقت ملک سے باہر 5ہزار طلباءوطالبات اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں جبکہ ملک میں 9ہزار پی ایچ ڈی کررہے ہیں اوریہی اصل سرمایہ کاری ہے ۔قبل ازیں وائس چانسلر بہاﺅالدین زکریایونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرخواجہ علقمہ نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے لیپ ٹاپ اور دیگرسکیمیں اصل میں ایک انقلاب ہے تاہم اصل انقلاب اس وقت آیاتھاجب نواز شریف کی طرف سے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا دیاگیااگرملک میں تبدیلی چاہیے تویہ اعلیٰ معیاری تعلیم کی بدولت ہی آئے گی اوراس بات کو کو پی ایم ایل (ن)نے جان لیاہے اواسی پرعمل پیراہے ۔انہوں نے کہاکہ ساﺅتھ پنجاب کے طالب علم ہونہار اور ذہین ہیں لیکن ملک کی خدمت کاموقع نہیں ملا اب یہ بھرپور فائدہ اٹھاکراپنی صلاحیتیں ملک کے لئے وقف کریں گے یہی نوجوان نہ صر ف آسمان کو چھولیں گے بلکہ دنیابھرمیں پاکستان کو مضبوط پاکستان کی شناخت دیں گے ۔اس موقع پرمریم نواز نے جنوبی پنجاب کی مختلف یونیورسٹیز کے منتخب طلباءوطالبات میں سرٹیفکیٹ اورفیس واپسی کے چیک تقسیم کئے ۔

 مریم نواز

مزید : صفحہ آخر