پاکستان کے ایٹمی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں ،عدم اطمینان کی کوئی توجہ نہیں، امریکہ

پاکستان کے ایٹمی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں ،عدم اطمینان کی کوئی توجہ نہیں، ...

               واشنگٹن(اے این این) امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے حفاظتی نظام پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان میری ہاف نے میڈیا بریفنگ کے دوران کراچی ائیر پورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان کی حکومت اپنی حساس تنصیبات اورایٹمی اثاثوں کی اہمیت سے اچھی طرح آگاہ ہے۔پاکستان کے ایٹمی اثاثے مکمل طورپر محفوظ ہیں اور ہمیں ان کے حفاظتی انتظامات پر اطمینان ہے۔پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے تحفظ پر عدم اطمینان کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ دہشت گردی کے خاتمے اور پرامن مستقبل کے لئے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے اور پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ امریکہ قیام امن سے متعلق پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور دہشت گرد عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کےلئے پاکستان کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں تشدد کے واقعات ہمارے لئے تشویش کا باعث ہیں۔ہم کراچی اور تفتان میں ہونے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔لوگوں کے جان ومال اور حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ امریکہ پاکستان میں مذہبی آزادی اور برداشت کا فروغ چاہتاہے۔

مزید : صفحہ اول