افغانستان ،اتحادی فوج کی فضائی کاروائی ،5امریکی ،2افغان فوجی ہلاک

افغانستان ،اتحادی فوج کی فضائی کاروائی ،5امریکی ،2افغان فوجی ہلاک ...

                      کابل(اے این این ) افغانستان میں اتحادی افواج کی فضائی کارروائی میں غلطی سے پانچ امریکی فوجی مارے گئے ہیں۔ امریکی عسکری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی صوبے زابل میں نیٹو کے فضائی حملے میں ایک افغان فوجی اور ایک مترجم بھی مارا گیا۔ افغان حکام کے مطابق زابل میں فوجی کارروائی کے دوران اتحادی افواج نے طالبان کے حملے کے بعد فضائی مدد مانگی تھی۔ افغانستان میں پانچ امریکی فوجیوں کی ہلاکت 2001 سے اتحادی افواج کی طالبان کے خلاف کارروائیوں کے دوران فرینڈلی فائر یا حادثاتی طور پر فوجیوں کی ہلاکت کے بڑے واقعات میں سے ایک ہے۔ افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ اس میں غلطی ہوئی ہو۔ صوبہ زابل کے گورنر نے برطانوی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں بین الاقوامی افواج اور افغان سکیورٹی اہلکاروں کا مشترکہ آپریشن ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہلاکتوں کا واقعہ ضلع ارغنداب میں پیش آیا۔ اس صوبے میں طالبان سرگرم ہیں اور گذشتہ کئی سالوں کے دوران سکیورٹی فورسز پر متعدد بار حملے کر چکے ہیں۔ افغانستان میں صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ منعقد ہو رہا ہے۔ شدت پسندوں نے انتخابی سرگرمیوں کو ہدف بنانے کا اعلان کر رکھا ہے اور گذشتہ ہفتے صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ کے قافلے پر خودکش حملہ کیا تھا۔ افغانستان سے رواں سال غیر ملکی فوج کے جنگی دستے نکل جائیں گے اور سکیورٹی کی تمام ذمہ داری افغان سکیورٹی فورسز کے کندھوں پر آ جائے گی۔

مزید : صفحہ اول