شہباز شریف کا پنجاب کے شہید سکیورٹی اہلکاروں کے اہلخانہ کو 10لاکھ روپے اور گھردینے کا اعلان

شہباز شریف کا پنجاب کے شہید سکیورٹی اہلکاروں کے اہلخانہ کو 10لاکھ روپے اور ...

لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب حکومت کی جانب سے کراچی اےئرپورٹ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعہ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے شہید سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔آج ماڈل ٹاؤن میں پنجاب حکومت اور چین کی معروف کمپنی سائینو ہائیڈرو کے درمیان سلیمانکی بیراج اور پاکپتن کینال کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے لیے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کو 10لاکھ روپے فی کس مالی امداد دی جائے گی۔پنجا ب حکومت شہدا کے لواحقین کو آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں بلا معاوضہ گھر بھی دے گی جبکہ شہدا کے بچوں اور بچیوں کے تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب خود برداشت کرے گی اورشہداکے لواحقین کوعلاج معالجہ کی فری سہولت دستیاب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گروں کا حملہ انتہائی اندوہناک واقعہ ہے۔بربریت کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں نے بہادری اوردلیری سے دہشت گردوں کامقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے ملک و قوم کے لئے اپنی جانیں نچھاور کی ہیں جس پر پوری قوم کو فخر ہے ۔میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے بطریق احسن اپنی قومی ذمہ داریاں نبھائیں۔شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔پوری قوم کو شہدا کی لازوال قربانیوں پر ناز ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے شہدا کے لواحقین کے لئے مالی معاونت شہید کے خون کا نعم البدل نہیں لیکن شہدا جو اپنی جانوں کا نذانہ قوم کے لئے پیش کرتے ہیں ان کے لواحقین اوربچوں کی نگہداشت اور دیکھ بھال حکومت وقت کی ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی ۔میں سمجھتا ہوں کہ کراچی ائیر پورٹ پرجام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں نے شہادت کا اعلی اوربلند رتبہ پایا ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کراچی میں اے ایس ایف کیمپ پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اورسکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری اور دلیری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم آج پھر ناکام بنائے ہیں۔ جس پر میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔پنجاب حکومت اور چین کی معروف کمپنی سائینو ہائیڈرو کے درمیان سلیمانکی بیراج اور پاکپتن کینال کی بحالی اور اپ گریڈیشن کیلئے یہاں ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف تھے۔معاہدے کے تحت چینی کمپنی سلیمانکی بیراج ، بیراج کے پل کی تعمیرنو، پاکپن کینال، کھادر برانچ اور پی آئی لنک کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے منصوبے پر کام کرے گی۔منصوبے پر 8 ارب روپے لاگت آئے گی اور 2017ء میں مکمل ہوگا۔پنجاب حکومت کی جانب سے محکمہ آبپاشی کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ سیدمحمودالحسن اورسائینو ہائیڈرو چائنہ کی جانب سے ڈوان جیان ژا (Mr.Duan Jianxia)نے معاہدے پر دستخط کئے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے معاہدے پر دستخط کیے جانے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی کے مابین سلیمانکی بیراج اورپاکپتن کینال کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے منصوبے کے حوالے سے معاہدہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔چینی کمپنی 2017ء تک مقرر مدت میں منصوبے پر کام مکمل کرے گی۔منصوبے کی تکمیل سے 25لاکھ ایکڑ اراضی کو آبپاشی کے لئے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی اورلاکھوں خاندانوں کو منصوبے کی تکمیل سے فائدہ پہنچے گا۔منصوبے کو اعلی معیار اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔اوکاڑہ،پاکپتن،وہاڑی اور بہاولنگر کے کسان بھائیوں کو سلیمانکی بیراج اور پاکپتن کینال کی بحالی سے براہ راست فائدہ پہنچے گا۔منصوبہ مکمل ہونے سے صوبے کی زرعی معیشت پھلے پھولے گی۔انہوں نے کہاکہ سلیمانکی بیراج اورپاکپتن کینال کی بحالی اور اپ گریڈیشن سے زرعی معیشت کو تقویت ملے گی اور وسیع زرعی علاقے کو وافر پانی کی فراہمی میسر آئے گی۔آج ہونے والا معاہدہ پاکستان اورچین کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی تعاون کے سلسلہ کی ایک کڑی ہے اوردونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔یہ معاہدہ پاک چین دوستی کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سلیمانکی بیراج 1926ء میں تعمیر کیا گیا اور وقت گزرنے کے ساتھ اس اہم بیراج کی بحالی اوراپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔کسان بھائیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت آئندہ بھی آبپاشی کے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائے گی اور اس ضمن میں اربوں روپے کی رقم صرف کی جائے گی تاکہ زرعی معیشت مزید مضبوط ہو اور کسان خوشحال ہو۔وزیراعلیٰ نے سلیمانکی بیراج اورپاکپتن کینال کی بحالی اوراپ گریڈیشن کے معاہدے پرکاشتکاروں ،چینی کمپنی اور محکمہ آبپاشی کے اعلی حکام کومبارکباددی۔انہوں نے محکمہ آبپاشی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ محنت اورتندہی سے اپنے فرائض سرانجام دیں اورمنصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ چیف سیکرٹری، سیکرٹری آبپاشی ،سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری اطلاعات اورچینی کمپنی سائینوہائیڈروکے ڈوان جیان ژا اور کمپنی کے اعلی حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

مزید : صفحہ اول