پاکستان افریقی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے ،ممنون حسین

پاکستان افریقی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے ،ممنون حسین ...

                        ابوجا(آئی این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان افریقی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے، نائیجریا سمیت افریقی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو اداراتی اور معاہداتی فریم ورک میں لاناچاہتے ہیں،افریقی ملکوں میں مقیم پاکستانیوں کے مفادات محفوظ رہیں ، قومی معیشت کو استحکام حاصل ہو، آئندہ چندسالوں میں بجلی کی پیدا وار میں غیر معمولی اضافہ ہو جائے گا ،لوڈشیڈنگ سے عوام کی جان چھوٹ جائے گی۔وہ ابوجا میں پاکستانی ہائی کمشنرکی طرف سے اپنے اعزاز میں دےے گئے استقبالیے سے خطاب کررہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کی درست اقتصادی پالیسیو ں کے ثمرات سامنے آنے شروع ہو گئے ہیں۔روپے کی قیمت میں استحکام آرہا ہے اور چین کے تعاون سے بجلی کے منصوبے شروع کیے جارہے ہیں۔انھوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ چند برسوں میں پاکستان میں بجلی کی پیدا وار میں غیر معمولی اضافہ ہو جائے گا جس کے نتیجے میں عوام کی جان لوڈ شیڈنگ سے چھوٹ جائے گی ۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔حکومت کی ان کوششوں میں اگر عوام نے بھی ساتھ دیا تو آئندہ پانچ برسوں میں پاکستان اپنے مسائل پر قابوپانے میں کامیاب ہو جائے گا۔انھوں نے کہا کہ چین کے ساتھ شروع کیے گئے اقتصادی منصوبوں پر تیز رفتاری کے ساتھ کام جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ ان منصوبوں اور اقتصادی کاریڈور کے صرف پاکستان ہی نہیںافریقہ تک ثمرات ہوں گے۔ صدر مملکت نے نائیجریامیں مقیم پاکستانی برادری کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔

مزید : صفحہ اول