وزیر اعظم کی انتخابی اصلاحات پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

وزیر اعظم کی انتخابی اصلاحات پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کی مشترکہ پارلیمانی ...

  

                                          اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)وزیراعظم نواز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو چیئرمین سینٹ سے مشاورت کر کے انتخابی اصلاحات پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط ارسال کیا ہے جس میں انتخابی اصلاحات پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنانے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خط کے مطابق کمیٹی میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو نمائندگی دی جائے۔ انتخابی اصلاحات کی کمیٹی اپنی رپورٹ تین ماہ میں پیش کرے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات بارے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی ذیلی کمیٹی کی تجاویز اور الیکشن ایشوز پر قائم سینٹ سپیشل کمیٹی کی فروری 2013کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی سیاسی جماعتوں، مختلف تنظیموں اور عوامی تجاویز پر بھی غور کرے اور انتخابی قواعد میں آئینی ترامیم اور انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے سفارشات دی جائیں۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کمیٹی ایسا لائحہ عمل تیار کرے جس سے دھاندلی کا خطرہ نہ ہو۔ پارلیمانی کمیٹی کا مقصد شفاف انتخابات کے لیے تجاویز دینا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -