تھائی لینڈ مضاربہ سکینڈل کاملزم پاکستان کے حوالے کرنے میں تعاون پرتیار
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) قومی احتساب بیورو نے مضاربہ سکینڈل کے مرکزی ملزم نثار افغانی کو تھا ئی لینڈ سے واپس لانے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں،تھا ئی حکام نے ملزم کوانٹر پول کے ذریعے نیب کے حوالے کرنے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے،ملزم کے پاس دس ارب روپے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق مضاربہ سکینڈل میں گرفتار سپیڈکس گروپ کے سربراہ مفتی احسان نے دوران تفتیش بتایا کہ ملزم کو ہیروں کے کاروبارکیلئے رقم دی گئی تھی۔ نیب ذرائع کے مطابق سپیڈکس گروپ کے دس ارب روپے بیرون ملک منتقل کرنے اور بنکاک میں ہیروں کے کاروبارکیلئے رقم نثار افغانی کو دی گئی تھی جو مضاربہ سکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد ملزمان سے لاتعلق ہوگیا تھاتاہم مفتی احسان اوراس کے سسر حاجی نواز جو نیب کی تحویل میں ہیں انہوں نے ملزم نثار افغانی سے متعلق دوران تفتیشن تفصیلات نیب حکام کوبتائیں۔ نیب نے انٹرپول کے ذریعے ملزم کے تھا ئی لینڈ کے درالحکومت بنکاک میں ہونے پر رابطہ کیا اور تھا ئی حکام نے ملزم کو نیب کے حوالے کرنے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب راولپنڈی اسلام آباد نے ملزم نثار افغانی کو تھا ئی لینڈ سے لانے کے حوالے سے چیئرمین نیب کو رپورٹ بھی دی ہے جس میں بتایا گیاہے ملزم کوگرفتارکرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔