یونس خان کا احتجاج رنگ لے آیا ،سنٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا احتجاج رنگ لے آیا ، پی سی بی نے انہیں سنٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل کر لیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق چیئر مین نجم سیٹھی نے یونس خان کو سنٹرل کنٹریکٹ کی بی کیٹیگری میں رکھنے کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں اے کیٹیگری میں شامل کر لیا ہے ، ترجمان نے میڈیا کو بتاکہ نجم سیٹھی نے سنٹرل کنٹریکٹ کے قواعد و ضوابط میں بھی تبدیلی کر دی ہے جس کے بعد کپتانی کرنے والے کرکٹرز کواے کیٹیگری سے نہیں نکالا جا سکے گا ۔ چیئر مین پی سی بی کا کہناتھا کہ یونس خان نے تینوں فارمٹ میں بطور کپتان قومی ٹیم کی نمائندگی کی ہے، ایسی کھلاڑی کو اے کیٹیگری سے نہیں نکالنا چاہئے تھا ، کنٹریکٹ کے قواعد میں تبدیلی کر دی ہے اب ایسا نہیں ہوگا ۔یاد رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے بلے باز یونس خان کو سنٹرل کنٹریکٹ کی بی کیٹیگری میں رکھا گیا تھا جس پر انہوں نے نہ صرف احتجاج کیا بلکہ کنٹریکٹ پر دستخط کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا ۔یونس خان کے احتجاج کے بعد نجم سیٹھی نے انہیں دوبارہ اے کیٹیگری میں شامل کر دیا جس کے بعد فرسٹ کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی تعداد 6ہو گئی ہے۔