ملیریا کا صفایا کرنے کے لئے مچھر ایجاد

ملیریا کا صفایا کرنے کے لئے مچھر ایجاد
ملیریا کا صفایا کرنے کے لئے مچھر ایجاد

  

لندن (نیوز ڈیسک) ملیریا وہ خطرناک بیماری ہے کہ جو ہر سال دنیا میں ہزاروں افراد کو موت کے منہ میں پہنچادیتی ہے اور یہ مہلک بیماری ایک مادہ مچھر کے کاٹنے سے پیدا ہوتی ہے۔ برطانیہ کے معروف اور معتبر ادارے امپیریل کالج لندن کے سائنسدانوں نے اس بیماری کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا نسخہ دریافت کرلیا ہے۔ سائنسدانوں نے جنیاتی تبدیلیوں سے ایسا مچھر پیدا کرلیا ہے کہ جو صرف نر بچے ہی پیدا کرے گا اور آہستہ آہستہ مادہ مچھر ختم ہوتے جائیں گے اور بالآخر مادہ مچھروں کا خاتمہ ہوجائے گا جو کہ اس موذی بیماری کا وائرس انسانوں میں منتقل کرتی ہیں۔ ماہرین نے چھ سال کی تحقیق سے ایک انزائم پیدا کیا ہے جس کے استعمال سے مچھر کے سپرم میں سے ایکس کروموسوم ہی ختم ہوجائے گا لہٰذا یہ مچھر مادہ بچے پیدا کرنے کے قابل ہی نہیں رہے گا۔ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ جب ایک دفعہ اس مخصوص مچھر کو قدرتی ماحول میں پائے جانے والے مچھروں میں چھوڑ دیا گیا تو پھر یہ سلسلہ چلتا ہی جائے گا حتیٰ کہ باقی صرف نر مچھر رہ جائیں گے اور مادہ کا خاتمہ ہونے پر بالآخر ان کی نسل ہی ختم ہوجائے گی۔

مزید : تعلیم و صحت