انسان کو مریخ پر پہنچانے کے لئے خلائی جہاز تیار

انسان کو مریخ پر پہنچانے کے لئے خلائی جہاز تیار
انسان کو مریخ پر پہنچانے کے لئے خلائی جہاز تیار

  

ہیوسٹن (نیوز ڈیسک) خلاءکی وسعتوں کی تحقیق اور تسخیر کیلئے انسان کا سفر ناقابل یقین تیز رفتاری سے جاری ہے اور وہ وقت قریب آن پہنچا ہے کہ جب انسان کو مریخ پر لے جانے والا خلائی جہاز اپنی پہلی تجرباتی پرواز کرے گا۔ امریکی خلائی تحقیق کے عالمی شہرت یافتہ ادارے ناسا نے اعلان کیا ہے کہ خلائی جہاز اورین کی پرواز کیلئے تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں اور حیرتناک صلاحیتوں کا مالک یہ خلائی جہاز دسمبر میں اپنی پہلی پرواز کرے گا۔ ناسا کے انجینئروں نے اس خلائی جہاز کے تین بنیادی خصوں کو جوڑنا شروع کردیا ہے۔ ابتدائی تجرباتی پرواز میں خلا باز نہیں جائیں گے اور یہ پرواز ساڑھے چار گھنٹے پر مشتمل ہوگی اور اس مختصر وقت میں یہ خلائی جہاز 3600 میل کی بلندی تک جاکر واپس آئے گا۔ زمین کے گرد دو چکر لگانے کے بعد یہ دوبارہ زمین کے ماحول میں داخل ہوجائے گا اور واپسی کے وقت اس کی رفتار 20 ہزار میل فی گھنٹہ ہوگی۔ اس کے مخصوص پیراشوٹ اس کی رفتار کم کردیں گے اور بالآخر یہ بحرالکاہل سمندر میں جاگرے گا جہاں سے اسے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے واپس لایا جائے گا۔ سائنسدانوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ وقت اب دور نہیں کہ جب اورین خلائی جہاز انسان کو مریخ پر پہنچا دے گا۔

مزید : سائنس اور ٹیکنالوجی