ناخن آپ کی صحت کے بارے میں کیا کہتے ہیں ؟

ناخن آپ کی صحت کے بارے میں کیا کہتے ہیں ؟
ناخن آپ کی صحت کے بارے میں کیا کہتے ہیں ؟
کیپشن: nails

  

لندن ( بیورونیوز) ہاتھ آپ کی شخصیت کی دلکشی میں نہایت اہمیت رکھتے ہیں، کیوں کہ اگر انہیں نظر انداز کر دیا جائے تو ساری شخصیت بھی بے معنی ہو سکتی ہے۔ ہاتھوں کی خوبصورتی میں ساخت اور جلد کے بعد جو چیز سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے، وہ آپ کے ناخن ہیں۔ اسی لئے خواتین خاص طور پر ناخنوں کی خوبصورتی پر بھرپور توجہ دیتی ہیں، لیکن یہاں ہم آپ کو ناخنوں کی ایک نہایت منفرد، دلچسپ اور اہم خاصیت کے متعلق آگاہ کریں گے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ ناخن ہمیں ہماری عمومی صحت کے بارے میں مطلع بھی کرتے ہیں، بہت زیادہ سفید، پیلے یا ٹوٹتے ہوئے ناخن اس بات کا اشارہ ہیں کہ ہمیں مختلف امراض لاحق ہیں یا ہو سکتے ہیں۔ آئیے دیکھتے ہیں ناخنوں کی کون سی حالت کس بیماری کے متعلق آگاہ کرتی ہے۔

زرد رنگ کے ناخن: بعض اوقات زرد رنگ کے ناخنوں کا مطلب ہے کہ آپ اینما، دل و جگر کے امراض اور غذائی کمی جیسی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

سفید ناخن: اگر آپ گہرے کناروں والے سفید ناخن رکھتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے جگر میں کوئی مسئلہ ہے اور یہی چیز ہیپاٹائٹس کے مرض کو جنم دے سکتی ہے۔

گہرے پیلے ناخن: گہرے پیلے ناخن اس بات کی نشاندہی ہے کہ آپ پھپھوندی (فنگل) کے مرض میں مبتلا ہیں۔ اس کے علاوہ پھیپھڑوں کے امراض اور شوگر بھی ہو سکتا ہے۔

ہلکے نیلے(آسمانی) رنگ کے ناخن: ایسے ناخن ہونے کا مطلب ہے کہ آپ کے جسم کو مطلوبہ آکسیجن دستیاب نہیں ہے اور اس وجہ سے آپ پھیپھڑوں کے مرض کا شکار ہو سکتے ہیں۔

کھردرے ناخن: ناخنوں کی کھردری سطح کا مطلب ہے کہ آپ کھجلی یا چنبل کی بیماری میں مبتلا ہیں۔

ٹوٹے ناخن: خشک اور ٹوٹے ہوئے ناخنوں کا مطلب ہے کہ آپ غدود کے امراض کا شکار ہیں یا ہو سکتے ہیں اور یہ اس بات کی نشاندہی بھی ہو سکتی ہے کہ آپ پھپھوندی کے مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

پھولا ہوا ناخن: پھولے ہوئے اور سرخ رنگ کے کناروں والے ناخن جلدی امراض کے جنم کی نشاندہی کرتے ہیں۔

ناخنوں کے نیچے گہرے رنگ کی لکیر: ناخنوںکی اس حالت کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر معالج سے رجوع کیا جانا ضروری ہے کیوں ایسی صورت کا مطلب ہے کہ آپ جلد کے کینسر کا شکار بن سکتے ہیں۔

دانتوں سے کترے ہوئے ناخن: عام طور پر اسے بری عادت سمجھا جاتا ہے لیکن بعض اوقات اس کا مطلب اضطراب بھی ہوتا ہے، جس کا علاج کیا جانا ضروری ہے۔

مزید :

تعلیم و صحت -