مردوں میں کینسر کی ابتدائی علامات

مردوں میں کینسر کی ابتدائی علامات
مردوں میں کینسر کی ابتدائی علامات
کیپشن: cancer

  

برمنگھم (نیوز ڈیسک) کینسر ایک ہلاکت خیز بیماری ہے اور اس کا اعلاج بھی ایک انتہائی تکلیف دہ اور مہنگا عمل ہے۔ مردوں میں اس بیماری کے آغاز سے بہت پہلے کچھ ایسی علامات ضرور نظر آ جاتی ہیں کہ جن کو دیکھ کر بروقت بچاﺅ کے اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ اگرچہ مردوں میں چھاتی کا کینسر نہ ہونے کے برابر ہے لیکن چھاتی کے گوشت میں گلٹیوں، چھاتی کے ابھاروں کے سرخ ہونے یا دھنس جانے کی صورت میں ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ اگر جسم کے کسی حصہ میں درد لمبے عرصے تک جاری رہے تو بھی ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ خصیوں کے کینسر کے امکانات 20 سے 39 سال کے مردوں میں زیادہ ہوتے ہیں۔ خصیوں کے کینسر کے سائز میں کمی بیشی، گلٹیوں یا غیر معمولی ابھاروں کو نظرانداز نہ کریں۔ بغلوں یا گردن میں ابھار یا گلٹی کے بارے میں بھی ڈاکٹر سے بات کریں۔ اگر آپ ایسے بخار کا شکار ہیں کہ جس کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آ رہی، آپ کا وزن بغیر کسی کوشش کے کم ہوتا جا رہا ہے، پیٹ میں شدید درد رہتا ہو یا سخت ڈپریشن کا حملہ ہو، اکثر ٹھکاوٹ رہتی ہو تو ان تمام علامات کی صورت میں کینسر کے ٹیسٹ کروانا بہتر ہے۔ مستقل کھانسی، کھانا نگلنے میں تکلیف یا جلد کی رنگت میں تبدیلی، خون رسنے یا بہت زیادہ خشک جلد کی علامات کو بھی سنجیدگی سے لیں۔ اگر آپ کبھی بھی یہ دیکھیں کہ کھانسنے کے ساتھ تھوک میں یا بول و براز میں خون آ رہا ہے تو یہ بات ڈاکٹر کے علم میں لائیں۔ سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کے منہ کے اندر، خصوصاً زبان پر سفید دھبوں سے خبردار رہیں اور ہاضمے کے غیر معمولی اور مستقل مسائل کو بھی نظرانداز نہ کریں۔ اسی طرح اگر آپ بار بار پیشاب کی حاجت محسوس کریں، خصوصاً رات کے وقت، یا پیشاب جاری ہونے میں دقت محسوس کریں یا یہ محسوس ہو کہ مثانہ پوری طرح خالی نہیں ہو پاتا یا زوردار کھانسی یا قہقہے کی صورت میں پیشاب خارج ہو جاتا ہے تو آپ کو فوری ڈاکٹر سے مل کر یہ تمام تفصیلات بتانے کی ضرورت ہے۔ بروقت اقدامات کر کے آپ کینسر جیسے مہلک مرض سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

مزید :

تعلیم و صحت -