موسم گرما میں جلد کی حفاظت
بدلتے موسم کے اثرات انسانی جلد پر بہت تیزی سے اثر انداز ہوتے ہیں،خاص طورپر خواتین چونکہ حساس جلد کی مالک ہوتی ہیں اس لئے ان کی جلد موسم بدلتے ہی کئی مسائل کی شکار ہوجاتی ہے۔ جیسے موسم سرما میں خواتین کو کئی مسائل کاسامنا رہتا ہے اسی طرح گرمیوں کے موسم میں اکثر خواتین کے چہرے اور ہاتھوں کی رنگت سیاسی مائل ہونے، چہرے پر چکنائی، کیل دانوں اور چھائیوں وغیرہ کی شکایت عام ہوجاتی ہے اور وہ ان مسائل سے پریشان ہوکر کئی ٹوٹکے استعمال کرتی رہتی ہیں۔ چکنی جلد کی حامل خواتین موسم گرما میں زیادہ مسائل کا شکار ہوتی ہیں لیکن درج ذیل تجاویز پر عمل کرکے خواتین نہ صرف اس قسم کے جلدی مسائل سے بچ سکتی ہیں بلکہ اپنے حسن کی حفاظت بھی کرسکتی ہیں مثلا:
1 : جیسے جیسے گرمی کی شدت بڑھتی ہے، ویسے ویسے سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعیں جلد کیلئے خطرناک ثابت ہوتی جاتی ہیں۔ اس لئے خواتین کو چاہئے کہ وہ سب سے پہلے تو اپنی جلد کو تیز دھوپ سے بچائیں اور گھر سے باہر نکلتے وقت سن بلاک لگانا نہ بھولیں کیونکہ باقاعدگی کے ساتھ سن بلاک کا استعمال آپ کے چہرے اور ہاتھوں کی جلد کو سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں کے مضر اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔
2 : موسم گرما میں آپ کی جلد کو پانی کی بہت زیادہ ضرورت رہتی ہے، اس لئے روزانہ دن میں دو سے تین بار ضرور نہائیں اور اس کے علاوہ اپنی آنکھوں اور چہرے پر دن میں کئی بار ٹھنڈے پانی کے چھنٹیں ضرور ماریں۔ اس سے آپ کو اپنی جلد اور آنکھوں میں ترو تازگی اور ٹھنڈک کاا حساس رہے گا اور آپ تھکاوٹ کی شکار بھی نہیں ہوں گی۔
3 : ملازمت پیشہ خواتین کوچاہئے کہ وہ گھر جاکر چہرہ دھونے سے پہلے اپنا چہرہ اور گردن لیمن کلینزنگ لوشن اور روئی کی مدد سے صاف کریں۔
4 : جن خواتین کے چہرے کی رنگت پہلے گوری ہو لیکن موسم گرما میں سانولی ہونے لگے، انہیں چاہئے کہ صبح کے وقت آدھا لیموں ایک گلاس نیم گرم پانی میں نچوڑ کر پی لیا کریں اور باقی آدھا لیموں دودھ کی بالائی میں نچوڑ کر رات سونے سے پہلے چہرے پر ملیں۔ اس سے رنگت نکھرنے لگے گی۔
5 : لیموں کا ماسک چہرے کے کیل مہاسوں کو دور کرتا ہے۔ اس لئے بازار سے کسی اچھی کمپنی کا لیمن ماسک خریدلیں اور ہفتے میں کم ازکم دوبار پورے چہرے پرسوائے آنکھوں کے) لیمن ماسک لگائیں اور پندرہ منٹ کے بعد ماسک اتار کر چہرہ ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔
6 : گرمیوں میں چہرے پر پڑنے والی چھائیاں اور گہری ہوجاتی ہیں، اس لئے سب سے ضروری ہے کہ چہرے کو دھوپ سے بچائیں کیونکہ دھوپ سے چھائیاں سیاہ رنگت کی ہوجاتی ہیں۔ اس کے علاوہ آدھے لیموں کے رس میںآدھا چمچ ہلدی اوردو چمچ بیسن ملاکر پیسٹ بنالیں اوراس کا ماسک چہرے پر لگائیں۔ ہفتے میں ایک یا دو بار باقاعدگی سے یہ ماسک لگائیں۔ اس طرح باقاعدگی سے یہ ماسک استعمال کرنے سے چہرے کی چھائیاں دور ہوجاتی ہیں۔
7 : چہرے کی رنگت نکھارنے کیلئے آلو کوکش کرکے صاف ململ کے کپڑے میں باندھ لیں اور اس پوٹلی سے پورے چہرے کو آہستگی سے ملیں اور پندرہ منٹ بعد چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ اگر آنکھوں کے گرد حلقے پڑے ہوں تو کش کئے ہوئے آلوؤں کی اس پوٹلی کو باری باری دونوں آنکھوں پر کم از کم دس دس منٹ کیلئے رکھیں۔ بعد میں آنکھیں صاف پانی سے دھولیں۔ آنکھوں کے گرد پڑے حلقے دور ہوجائیں گے۔
8 : لیموں نچوڑ لیں لیکن اس کا چھلکا نہ پھینکیں۔ اس لیموں کے چھلکے کو دودھ میں ڈبوڈبو کر چہرے پر آہستگی سے ملیں اور تقریباً دس پندرہ منٹ یہ عمل چہرے اور ہاتھوں پر دہرائیں۔ رنگ نکھارنے کیلئے یہ مجرب نسخہ ہے۔
***
9 : پکے ہوئے ٹماٹر کے دو ٹکڑے کرلیں اور اب ان ٹکڑوں کو باری باری چہرے پر ملیں۔ جب ٹماٹر کارس خشک ہوجائے تو چہرہ دھو لیں۔ اس سے چہرے کی رنگت نکھرنے کے ساتھ ساتھ چہرے کو غذائیت بھی ملے گی۔
10 : چہرے کے علاوہ بالوں کی حفاظت کیلئے ضروری ہے کہ بالوں کو ہر دو دن بعد کسی اچھے شیمپو سے دھوئیں اور بالوں کو صاف ستھرا رکھیں۔ دھوپ سے بچائیں اور کوشش کریں کہ گرمیوں میں بالوں میں زیادہ تیل وغیرہ استعمال نہ کریں۔
10:ہونٹوں کی سیاہی دور کرنے کیلئے چقندر لیکر اسے کاٹ لیں اور ایک ٹکڑا ہونٹوں پرملیں۔ روزانہ اس طرح کرنے سے ہونٹوں کی سیاہی ختم ہوجائے گی اور ہونٹ گلابی رنگ کے ہوجائیں گے۔