علمی اقدار کی ترویج واشاعت مسلم تاریخ کا حُسن ہے،طاہر رضا بخاری

علمی اقدار کی ترویج واشاعت مسلم تاریخ کا حُسن ہے،طاہر رضا بخاری

لاہور(ڈویلپمنٹ سیل)تحقیق اور تخلیق کی روایات کا فروغ اور علمی اقدار کی ترویج واشاعت مسلم تاریخ کا حُسن اور اسلامی معاشرے کا طرۂ امتیاز ہے۔اسلامی ودینی علوم ومعارف کی صحیح معنوں میں ترویج واشاعت اور علمی وتحقیقی اقدار وروایات کا فروغ موجودہ عہد کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ مذہبی راہنماؤں اور دینی اداروں کو بین المذاہب مکالمہ اوراتحاد بین المسلمین کو ٹھوس مذہبی اور علمی بنیادوں پر استوار رکریں تاکہ وطنِ عزیز استحکام اور یکجہتی کی منزل سے ہمکنار ہو۔ پنجاب حکومت دینی مدارس کے طلباء وطالبات میں "لیپ ٹاپس" کی تقسیم کے بعدمدارس دینیہ کے طلبہ کے لیے عصری علوم کی تدریس کو یقینی بنانے کے لیے انگریزی اور ریاضی وغیرہ کے اساتذہ کی فراہمی کے لیے کمر بستہ ہے ،جوکہ دینی مدارس کو جدید عصری رجحانات سے روشناس کرانے کی طرف ایک اہم اور ٹھوس قدم ہے ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے علماء اکیڈمی بادشاہی مسجد میں منعقدہ دینی مدارس کے طلبہ کی سالانہ "تقریب تقسیم اسناد" سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ دینی ادارے اسلامی معاشرے کے لیے مینارہِ نور کی حیثیت رکھتے ہیں ،جس سے ہر عہد کے مسلمان روشنی اور راہنمائی حاصل کرتے چلے آئے ہیں ۔ تقریب تقسیم اسناد میں قاری محمد عارف سیالوی صوبائی خطیب اوقاف ، مفتی محمد اسحاق ساقی رئیس التبلیغ بادشاہی مسجد ، ایاز خان لاشاری ڈپٹی ڈائریکٹر علماء اکیڈمی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر تربیت علماء اکیڈمی، ایڈمن آفیسر علماء اکیڈمی، لائبریرین علماء اکیڈمی کے علاوہ دیگر مذہبی اوردینی شخصیات نے شرکت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1