شہباز شریف کا پوزیشن ہورلڈرز طلبہ کو عمرے پر بھجوانے کا اعلان

شہباز شریف کا پوزیشن ہورلڈرز طلبہ کو عمرے پر بھجوانے کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ تعلیم ایسا زیور ہے جس سے نوجوان نسل کو آراستہ کر کے ملک و قوم کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔تعلیم کے شعور سے انتہاء پسندی اورتشدد جیسے رویوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ملک کی ترقی و خوشحالی کے راستے کاسب سے بڑا پتھر اور رکاوٹ دہشت گردی ہے۔بندوق کی گولی اگرچہ دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کیلئے موثر ہے تاہم تعلیم،انصاف ،بردباری،صحت اورروزگارکی فراہمی کی گولیاں بھی ضروری ہیں ،تعلیم کے ذریعے ہی انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور عسکریت پسندی دفن ہوگی اور پاکستان صحیح معنوں میں قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنے گا۔توانائی بحران کا خاتمہ بھی ایک بڑا چیلنج ہے انشاء اﷲاگلے 3برس دن رات محنت کر کے پاکستان کے دیہات او رشہر روشن کردیں گے اور توانائی بحران کا مسئلہ ضرور حل ہوگا اور پاکستان روشن ہوگا۔زراعت،صنعت، تجارت اورسماجی ترقی کے دیگر شعبوں کی ترقی کا راز بھی فروغ تعلیم میں ہی مضمر ہے۔ہمارے نوجوان باصلاحیت ،ذہین اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔ نئی نسل کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق جدید اسلامی فلاحی ریاست بنایا جاسکتا ہے ۔تعلیم ہر پاکستانی بچے کا حق ہے اور حکومت یہ حق اسے دے رہی ہے ۔پنجاب حکومت نے صوبے میں فروغ تعلیم کیلئے تاریخ ساز اقدامات کیے ہیں ۔پنجاب کے تعلیمی پروگراموں میں پنجاب سمیت پاکستان کی تمام اکائیوں کوشامل کیا گیا ہے جس سے قومی وحدت کا عمل مضبوط ہورہا ہے ۔پنجاب حکومت ہر سال پاکستان بھر سے پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کو کروڑوں ر وپے نقد انعامات کے علاوہ انہیں یورپ کے اعلی تعلیمی اداروں کے دوروں پربھی بھجوارہی ہے ۔ حکومت کے فروغ تعلیم کیلئے اٹھائے گئے تمام اقدامات کے نتائج کے حصول کیلئے تعلیمی نظام میں بھی اصلاح کی ضرورت ہے۔میری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز،اساتذہ،والدین اورتمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل ہے کہ آئیے مل بیٹھ کر ایسا نظام تشکیل دیں جس سے پاکستان کی نسلیں سنوریں اورملک بین الاقوامی برادری میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے۔ وزیراعلیٰ نے اگلے برس سے پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات کو یورپ کی اعلیٰ درس گاہوں کے دورے کے بعد عمرے پر بھجوانے کا بھی اعلان کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ایوان اقبال میں سال2014ء کے میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباء و طالبات میں نقد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کے دوران پنجاب،سندھ،خیبر پختونخوا،بلوچستان،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور فیڈرل بورڈ کے418 پوزیشن ہولڈرز میں 18کروڑ روپے سے زائد جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے370 اساتذہ میں ساڑھے پانچ کروڑ روپے کے نقد انعامات اورتعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان، صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان،صوبائی وزراء ،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،وائس چانسلرز ،والدین ، اساتذہ ،دانشوروں ،ماہرین تعلیم،کالم نگاروں اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج انتہائی مسرت کا دن ہے جب ہم سب پوزیشن ہولڈرز طلبا ء وطالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں موجود ہیں ۔وزیراعلیٰ نے پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی محنت کی بدولت اپنے والدین ،اساتذہ اورپوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ آپ نے ایسے نظام میں پوزیشن حاصل کی ہے جس میں نقل کرنا تقریباً نا ممکن ہے۔میرٹ اور صرف میرٹ کا بول بالاہے۔ایسے نظام میں آپ کو امتحانات میں شاندارکارکردگی پر میں ،پنجاب حکومت،صوبے کے عوام اورپوری قوم سلام پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز کو گارڈآف آنر پیش کرنے کی روایت پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہی ڈالی ہے اورآئندہ آنے والی کوئی حکومت اس روایت کو ختم نہیں کرسکتی، یہ آپ کا حق ہے اورآپ کو ملتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ تقریب میں پاکستان بھر سے پوزیشن ہولڈرز طلبا ء و طالبات کی شرکت ایک ایسا نظارہ ہے جس میں پورا پاکستان ایک لڑی میں پرویا ہوا دکھائی دیتا ہے۔پاکستان کے تمام حصوں کے پوزیشن ہولڈرز اوراساتذہ کی حوصلہ افزائی کا جوسلسلہ آج سے 7سال قبل شروع کیا گیا تھاوہ اب جڑیں پکڑ چکا ہے ۔پوزیشن ہولڈرز طلباء کو یورپ کے اعلی ترین تعلیمی اداروں کے دورے کروائیے جاتے ہیں جس سے ان میں اعتماد پیدا ہوتا ہے۔پوزیشن ہولڈرز کو عمرے پر بھجوانے کی تجویز بھی اچھی ہے،اس سال تو نہیں تاہم اگلے سال اگر پوزیشن ہولڈر ز چاہیں گے تو انہیں وطن واپسی سے پہلے عمرے پر بھجوائیں گے۔دین اور دنیا ساتھ ساتھ ہے اورقرآن پاک کی بھی یہی تعلیم ہے۔وزیراعلیٰ نے دہشت گردی اورانتہاء پسندی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں دہشت گردی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔پاک افواج دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے برسرپیکار ہیں۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے نوجوان ،بچے،بزرگ،خواتین،پاک افواج، سکیورٹی اداروں کے افسران اور اہلکار لا زوال قربانیاں دے رہے ہیں اور اب تک 50ہزار سے زائد پاکستانی اپنی قیمتی جانیں نچھاور کر چکے ہیں۔ عصرحاضرکی تاریخ میں کسی قوم نے اتنی بڑی قربانی نہیں دی جتنی پاکستانی قوم دے چکی ہے اور دنیا کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔68سال قبل پاکستان بنانے کی جنگ لڑی گئی اور لازوال قربانیں دی گئی جبکہ آج 68سال بعد پاکستان بچانے کی جنگ لڑی جا رہی ہے او ربے مثال قربانیاں دی جا رہی ہیں اور یہ تاریخ کا بہت بڑا جبر او ربوجھ ہے ۔پاکستان کو قائم ہوئے 68سال گزرچکے ہیں لیکن آج بھی ملک کی گلیوں اور محلوں میں بے گناہ لوگوں کا خون بہایا جارہا ہے ۔کس قدر افسوس کی بات ہے کہ مارنے والا بھی مسلمان اور مرنے والا بھی مسلمان ہے ۔ ہمیں جائزہ لینا ہوگا کہ بطورقوم ہم قیام پاکستان کے مقاصد اوراہداف حاصل کرنے میں آج تک کیوں ناکام ہیں۔ہمیں سوچنا ہے کہ ہم کونسا پاکستان اپنی نئی نسلوں کو دے رہے ہیں۔اس بارے میں اگر ہم نے سنجیدگی سے سوچ بچار نہ کی تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کا لبادہ اوڑ ھ کر ہاتھ میں کلاشنکوف پکڑ کرخود فیصلے کرنے کا کس نے حق دیا ہے ۔ ہمیں ملکر دہشت گردی کو شکست دینا ہے۔ دہشت گردی بڑی آفت ہے اوربڑا چیلنج ہے تاہم ہم نے اس چیلنج سے نمٹنا ہے ۔دنیا کی تاریخ ایسی مثالوں سے بھری پڑی ہے جب قوموں نے جرأت اوربہادری سے چیلنجز کا مقابلہ کیا ۔ترکی ،سری لنکا،انڈونیشیا کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے اژدھا کا سر کچل کر اسے شکست فاش دی۔ہم بھی محنت،جہدمسلسل،عزم اورحوصلے کے ساتھ دہشت گردی اورتوانائی بحران کو ختم کر کے ملک کو مسائل کے چنگل سے نکال کر ترقی و خوشحالی سے منزل سے ہمکنار کریں گے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ 3سالوں میں ملک سے بجلی کے ا ندھیرے دور کر کے سکولوں ، یونیورسٹیوں ، کالجوں کو روشن کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے پنجاب میں فروغ تعلیم کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا تذکر ہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی اوربوسیدہ تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی بحالی پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں۔ میرٹ کی بنیاد پرہونہار طلبا ء وطالبات میں لیب ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں ۔ملک کی تاریخ کے سب سے بڑا پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈکے ذریعے اس سال ایک لاکھ سے زائد مالی مشکلات سے دوچار ذہین بچے اوربچیاں تعلیم حاصل کررہے ہوں گے۔ جولائی2015ء میں اس فنڈ کے اکاؤنٹ میں ساڑھے 15ارب روپے ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہمارے سروں کا تاج ہیں اوران کی محنت سے قوم کے بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں۔اساتذہ ،والدین اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر تعلیم کے نظام کو درست نہیں کیا جاسکتا ۔تعلیمی پالیسی کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی پالیسی اور تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے ہمیں مل بیٹھ کر ڈائیلاگ کرنا ہے ۔ اساتذہ پاکستان کے مستقبل کو سنوارنے کیلئے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کیلئے ایسی خدمت سرانجام دیں جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا واحد راستہ میرٹ ہے اورہم نے صوبے میں میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا ہے ۔یونیورسٹیوں اورمیڈیکل کالجوں میں سیلف فنانس سکیم کاخاتمہ کر کے میرٹ کی بالادستی قائم کی اور حقداروں کو ان کا حق دلایا۔ایچی سن کالج میں میرٹ کا نظام متعارف کرایا۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو ملکر پاکستان کو سنوارنا ہے اور اسے صحیح معنوں میں بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق ڈھالنا ہے ۔ ابھی زیادہ وقت نہیں گذراہے اگر ہم اب بھی فیصلہ کرلیں تو پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال ؒ کی نظموں کو نصاب میں شامل کیا گیا ہے اور اقبالؒ کی مزید نظمیں بھی شامل کی جائیں گی۔صوبائی وزیر تعلیم رانامشہود احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں شہبازشریف جیسا علم دوست اور ویژنری لیڈر ملا ہے۔پنجاب کے وزیراعلیٰ نے 1997 میں صوبے سے بوٹی مافیا کا خاتمہ کیا ،کم وسیلہ خاندانوں کے ہونہار بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی فنڈ قائم کیا اور نوجوانوں میں میرٹ کی بنیاد پرلیپ ٹاپ تقسیم کئے۔انہوں نے کہاکہ دور آمریت میں تعلیم کے نصاب کے ساتھ زیادتی کی گئی ، اس میں سے علامہ اقبال ؒ کی نظموں کو نکال دیا گیا ہم نے دوبارہ اقبال ؒ کی7نظمیں نصاب میں شامل کی ہیں اور مزید نظمیں شامل کرنے پر کام کرر ہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بھر کے پوزیشن ہولڈرز میں کروڑوں روپے کے انعامات تقسیم کئے گئے ہیں ،پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 4لاکھ ،دوسری پوزیشن پر 3لاکھ جبکہ تیسری پوزیشن پر 2لاکھ روپے کے نقد انعامات دئیے گئے ہیں ۔معروف اینکر سہیل احمد عزیزی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے اس لئے محبت کرتا ہوں کہ وہ محنت کرنے والوں کے قدردان ہیں ۔ستائش اور حوصلہ افزائی کے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا،شہبازشریف نے پوزیشن ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کے لئے بہترین اقدام کیاہے۔شہبازشریف کی کارکردگی کے سب معترف ہیں میری دعاہے کہ اﷲ تعالیٰ ہماری قوم کو شہبازشریف جیسے مزید چند رہنما عطا کر دے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ، صوبائی وزراء، اراکین قومی صوبائی اسمبلی اور وائس چانسلرز نے پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلی سطح کے اجلاس میں گریٹر اقبال پراجیکٹ کے قیام کا جائزہ لیاگیااوراس ضمن میں مختلف تجاویز پر غور کیاگیا ۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گریٹر اقبال پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اوریہ منصوبہ لاہور کی ثقافت اور تاریخی ورثے کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے میں مغلیہ فن تعمیر کے نمایاں خدوخال اجاگر کئے جائیں اورتحریک پاکستان کی جدوجہد کے حوالے سے منی میوزیم کا قیام بھی عمل میں لایا جائے تاکہ یہاں آنیوالے افراد تحریک پاکستان کی جدوجہد سے آ گاہ ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ پورے منصوبے کی جدید اور قدیم انداز سے لینڈ اسکیپنگ کی جائے گی جبکہ گریٹر اقبال پراجیکٹ میں ایک جھیل بھی بنے گی جس کے اندر جزیرہ بھی ہوگا۔گریٹر اقبال پراجیکٹ125 ایکڑ اراضی میں پر محیط ہوگااوربگھی ٹریک کے ساتھ مونوٹرین بھی چلائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے زیر زمین پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے پلاننگ کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ تفریحی سہولتیں فراہم کرنے پر بھر پور توجہ دی جائے اور میں ذاتی طورپر اس تاریخی منصوبے کا خود جائزہ لوں گا۔کمشنر لاہورڈویژن اورڈی جی پی ایچ اے نے گریٹر اقبال پراجیکٹ کے بار ے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ارکان صوبائی اسمبلی محسن لطیف، رمضان صدیق بھٹی، وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد،ڈی جی لاہور والڈ سٹی پراجیکٹ کامران لاشاری ، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن،سی سی پی او لاہور،ڈی سی او لاہور، ڈی جی پی ایچ اے اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ یورپ او رخلیجی ممالک میں معیاری ہنر مند افرادی قوت کی بہت زیادہ مانگ ہے۔پنجاب کے فنی تربیت کے اداروں کو بیرون ملک اور مقامی طو رپر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر بھرپور توجہ دینی چاہیے اور اس ضمن میں نئے کورسز متعارف کرانے چاہئیں۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جس میں بیرون ملک اور مقامی طور پر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تربیت کے حوالے سے اقدامات اورمستقبل کی حکمت عملی وضع کرنے کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنی تربیت کے اداروں کو روایتی ڈگر سے ہٹ کر جدید تقاضوں کے مطابق فعال انداز میں کام کرنا ہوگا ۔ بیرون ملک اور مقامی طورپر مارکیٹ کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے سکل ڈویلپمنٹ کیلئے نئے کورسز بھی متعار ف کرائے جائیں کیونکہمعیاری ہنر مند افرادی قوت تیارکر کے روزگار کے لاکھوں نئے مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سٹیئرنگ کمیٹی معیاری ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے حوالے سے شارٹ، میڈیم اور لا نگ ٹرم پروگرام مرتب کرے اور اس ضمن میں ا گلے 4ہفتے میں حتمی سفارشات پیش کی جائیں ۔صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور، اراکین صوبائی اسمبلی سائرہ افتخار، رامیش سنگھ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز، چیئرمین ٹیوٹا،ایم ڈی پی وی ٹی سی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

مزید :

صفحہ اول -