بھارت ہمیں میانمار نہ سمجھے ،ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے ،سرتاج عزیز ،خواجہ آصف

بھارت ہمیں میانمار نہ سمجھے ،ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے ،سرتاج ...

 اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ،اے این این)پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم اور وزیر اطلاعات کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے دفاع سے غافل نہیں،ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں،کسی قسم کی مہم جوئی بھارت کی ذلت اور رسوائی کا باعث بنے گی،پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھت تعلقات اور امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے،بھارت سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کا اہل نہیں،عالمی برادری موی کے بیان اور پڑوسی ممالک کے معاملات میں مداخلت کا نوٹس لے،بھارتی وزیر اعظم نے اچھے ماحول میں زہر گھول دیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ڈھاکہ میں بیان پر بدھ کو سینیٹ کے اجلاس میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے ، بنگلہ دیش میں مودی کا بیان پاکستان کے متعلق منفی رویے کی عکاسی کرتا ہے ، عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھارتی وزیر اعظم کے بیان پر نوٹس لے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام مضوبط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ، پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام نے مل کر انگریزوں سے آزادی حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کی ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر کا بیان دہشتگردی کو دہشتگردی کاٹے گی انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے ، بھارت سلامتی کونسل کی مستقل نشست کا اہل نہیں ۔ مودی کے بیان نے نہ صرف ماحول کو خراب کیا ہے بلکہ بھارت کے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بھی سنجیدہ سولات اٹھا دئیے ہیں۔ پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے مگر امن اور بہتر تعلقات کی خواہش ہماری کمزوری نہیں ہے۔ دریں اثناء نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کے وزیر مملکت برائے اطلاعات راجیہ وردھن راٹھور کے بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کو برما سمجھنے کی غلطی نہ کرے، اگر بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو منہ توڑ جواب دیں گے ،پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں ،بھارتی وزیر اعظم نے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے ، کسی ایڈونچر کی صورت میں ذلت و رسوائی بھارت کا مقدر بنے گی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ملکوں کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا ہے ، اگر بھارت نے خلل ڈالنے کی کوشش کی تو منہ کی کھائے گا ، پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے ، نریندر مودی نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کے دورہ بھارت سے شروع ہونے والے اچھے ماحول میں زہر گھول دیا ہے ۔

مزید : صفحہ اول