اقتصادی راہداری منصوبے میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دینگے،آرمی چیف کی چین کو یقین دہانی

اقتصادی راہداری منصوبے میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دینگے،آرمی چیف کی چین کو یقین ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،اے این این) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے چینی حکام کو یقین دہانی کروائی ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی ۔ پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف سے چین کے نائب وزیر برائے قومی سلامتی ڈونگ ہیژہاؤ نے جنرل ہیڈکوارٹرآف پاکستان آرمی ( جی ایچ کیو ) میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں جنرل راحیل شریف نے بتایا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبے کی تکمیل کیلئے سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے اور منصوبے کی تکمیل تک کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف اور چینی نائب وزیر کے درمیان ملاقات میں خطے اور اقتصادی راہداری کے حوالے سے سکیورٹی خدشات ٗ دونوں ممالک کے باہمی مفادات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر چینی نائب وزیر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل نہ صرف دونوں ممالک کے مفاد میں ہے بلکہ اس سے خطے کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ پہنچے گا ۔ واضح رہے کہ اقتصادی راہداری کا روٹ چین کے صوبے سنکیانگ سے لے کر گوادر پورٹ تک ہے جس میں گلگت بلتستان کا علاقہ بھی شامل ہے ۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے دشمن اور پڑوسی ملک نے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس روٹ میں متنازعہ علاقہ جموں و کشمیر کا حصہ بھی شامل ہے اس لئے بھارت کو یہ قبول نہیں ۔

مزید : صفحہ اول