بھارتی بیانات کیخلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور ،پاکستان میں دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے:اسحاق ڈار
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی قیادت کے پاکستان مخالف اشتعال انگیز بیانات کیخلاف پارلیمنٹ میں مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات کے بعد اسمبلی میں مسلسل تمام اراکین کی جانب سے سخت مذمت جاری ہے اور اس کیخلاف اسمبلی میں مذمتی قرار داد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے ۔
قومی اسمبلی میں مذمتی قرار داد وفاقی وزیر خزانہ اسحا ق ڈار نے پیش کی ،قرار داد کے متن میں کہا گیاہے کہ بنگلہ دیش میں نریندرمودی کا پاکستان مخالف بیان پاکستا ن سے نفرت کا اظہار ہے ،اقوام متحدہ بھارت کی قیادت کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات کا نوٹس لے ۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسحاق ڈار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں جبکہ پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کیلئے کام کر رہاہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس طرح کے بیانات قابل افسوس ہیں اور بھارتی وزیراعظم نے عالمی سطح پر پاکستان کو توڑنے کا اعتراف کیاہے ۔