حکومت صاف پانی کے میگا منصوبوں کا آغاز کررہی ہے ،منشاء اللہ بٹ

حکومت صاف پانی کے میگا منصوبوں کا آغاز کررہی ہے ،منشاء اللہ بٹ

لاہور (جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے محکمانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے میگاپراجیکٹ کا آغاز کر چکی ہے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صاف پانی پروگرام کیلئے 25 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔انہو ں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے شہریوں کو صاف پانی مہیا کرکے ان کا بنیادی حق دیا جائے گااور یہ منصوبہ انسانی صحت کے حوالے سے ایک انقلاب آفرین منصوبہ ثابت ہوگا۔ ابتدائی طو رپر پینے کے صاف پانی کے پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا جا رہا ہے جبکہ بہاولپور ریجن میں 116 واٹر فلٹریشن پلانٹس شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر رہے ہیں اور اب پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کو جنوبی پنجاب کی تحصیلوں سے شروع کیا جا رہاہے اور اس پروگرام کو انتہائی تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے اس پروگرام پر عملدرآمد کیلئے 2 کمپنیاں تشکیل دی ہیں اوریہ کمپنیاں خود فیصلے کریں ، ان پر عمل کریں اور نتائج دیں۔ انہو ں نے کہا کہ بعض افسروں کی مجرمانہ غفلت اور پیشہ ورانہ بددیانتی کے باعث مفاد عامہ کے اس عظیم منصوبے میں تاخیر ہوئی لیکن پنجاب حکومت کے بروقت اقدام کے باعث نہ صرف اس پیشہ ورانہ بددیانتی کو پکڑا گیا بلکہ متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔انہو ں نے کہا کہ اب ایک ٹیم کے طور پر کام کرتے ہوئے درست سمت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کے بارے میں موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔ اس پروگرام کی کامیابی کیلئے کمیونٹی کی شرکت بھی بہت ضروری ہے۔ غیر فعال دیہی واٹر سپلائی سکیموں کو جلد فعال کیا جائے اور ان سکیموں کی مانیٹرنگ کا موثر نظام بھی وضع کیا جائے کیونکہ ان سکیموں کے فعال ہونے سے لاکھوں افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...