جنرل ہسپتال میں عید کے تحائف تقسیم ، مریض بچے کھلونے دیکھ کر بیماری بھول گئے

جنرل ہسپتال میں عید کے تحائف تقسیم ، مریض بچے کھلونے دیکھ کر بیماری بھول گئے

لاہور(سٹی رپورٹر)انجمن بہبودمریضاں اور گورنمنٹ امیر الدین میڈیکل کالج (پی جی ایم آئی)کے سٹوڈنٹس نے لاہور جنرل ہسپتال کی چلڈرن وارڈ کے مریض بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کئے۔بچے کھلونے اوردیگر تحائف دیکھ کر خوشی سے پھولے نہ سمائے اور انہوں نے دلی مسرت کا اظہار کیا۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر آغا شبیر علی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر آغا شبیر علی نے کہا کہ عید کے موقع پر بیماریوں میں مبتلا بچوں کو یاد رکھنا اور ان کی خوشیوں میں شریک ہوناہمارا مذہبی وقومی فریضہ ہے اور انجمن بہبودی مریضاں کے عہدیداران و ایم بی بی ایس کے طلباو طالبات مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے چلڈرن اور دیگر وارڈز کے مریضوں کے لئے اس کاوش کا اہتمام کیا۔انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج بچوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی وہ مختلف مریضوں سے بھی ملے اوران کی صحت اور علاج معالجے کے متعلق دریافت کیا۔ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عارف ظہیر، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد احمد،احمد فراز تارڑ اور قائداعظم یونیورسٹی سے رضوان احمد بھی اس موقع پر موجو تھے۔تحائف حاصل کرنے والے بچے خوشی سے اس قدر نہال تھے کہ اپنی بیماری کی تکلیف بھی بھول گئے۔چلڈرن وارڈ کے ڈاکٹروں نے بھی تحائف کی تقسیم کے عمل کو سراہا۔ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف بھی موجود تھا۔

جنرل ہسپتال

مزید : میٹروپولیٹن 1