سی پیک تاریخی منصوبہ ، جاپانی کمپنیاں بھی کام کرنے کی خواہشمند ہیں سفیر تاکاشی کیورائی

سی پیک تاریخی منصوبہ ، جاپانی کمپنیاں بھی کام کرنے کی خواہشمند ہیں سفیر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس ڈیسک )پاکستان میں جاپان کے سفیر تاکاشی کیورائی نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں جس کیلئے دونوں ممالک اور انکے نجی شعبوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ سی پیک ایک تاریخی اور لازوال منصوبہ ہے جس سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہو گی جبکہ چین کو اپنی معاشی سرگرمیاں بڑھانے میں مدد ملے گی۔ سی پیک کے تحت منصوبوں سے متعدد ممالک کی کمپنیاں استفادہ کر رہی ہیں اور جاپانی کمپنیاں بھی اس ضمن میں کام کر سکتی ہیں۔ جاپانی کمپنیاں کراچی میں سرمایہ کاری کا جائزہ لے رہی ہیں۔جاپان کے سفیر تاکاشی کیورائی نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلورکے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر کہی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان وینڈر انڈسٹری میں تعاون کر سکتے ہیں جس سے پاکستان کے علاوہ جاپان کی آٹو انڈسٹری کو بھی فائدہ ہو گا۔دونوں ممالک ہائی ٹیک انڈسٹری اور زرعی شعبہ میں بھی تعاون کر سکتے ہیں اور پاکستان جاپان کے تجربات و مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ جاپان نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے اور عالمی امور میں دونوں ممالک کی رائے میں یکسانیت ہوتی ہے اور جاپان پاکستان کو جنوبی ایشیاء میں اہم حلیف سمجھتا ہے۔اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کے تین نائب صدر عاطف اکرام شیخ، کریم عزیز ملک اور طارق حلیم، سابق صدر زبیر احمد ملک، چئیرمین کو آردینیشن ملک سہیل، عدیل رؤف، یاسر شیخ، احمد عزیز بلور اور آمنہ ملک بھی موجود تھے۔

مزید :

علاقائی -