چودھری نثار نے قومی و صوبائی اسمبلی کی2,2نشتوں پر کاغذات جمع کرادیئے

چودھری نثار نے قومی و صوبائی اسمبلی کی2,2نشتوں پر کاغذات جمع کرادیئے

 راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار نے قومی اسمبلی اورصوبائی اسمبلی کی2،2 نشستوں کیلئے کاغذات جمع کرادیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق الیکشن حصہ لینے کیلئے سابق وزیرداخلہ نے 4 نشستوں پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔ چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 راولپنڈی اور این اے 63 ٹیکسلا جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 10 اور 12 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ چوہدری نثار کے کاغذات نامزدگی شیخ اسلم اورشیخ ساجد نے جمع کرائے اور انہیں پی پی 10 کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے 13 جون کوطلب کرلیا گیا ہے۔این اے 59 سے (ن) لیگ کے انجینئر قمرالاسلام نے بھی چوہدری نثار کے خلاف کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ این اے 59 سے تحریک انصاف کے غلام سرور خان اور پیپلز پارٹی کے چوہدری کامران اسلم بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔دوسری طرف چوہدری نثار نے کہاہے کہ میں انکے ٹکٹ کا امیدوار ہوں اور نہ ہی محتاج ،نجانے کیوں مجھے ٹکٹ نہ دینے کا بہانہ بنانے کیلئے مضحکہ خیز ڈرامے کیے جا رہے ہیں ، کیا کبھی یہ ہوا ہے کہ پارٹی کے سینئر ترین ارکان جو کئی دفعہ منتخب ہو چکے ہوں وہ بورڈ کے سامنے آکر ٹکٹ کیلئے انٹرویو دیں ٗعلالت سے صحت یابی کے بعد سارے امور پر کھل کر اظہارِ رائے کروں گا۔اس وقت جاتی امراء والوں کو کہتا ہوں کہ ڈراموں اور بچگانہ حرکتوں سے نہ اپنا مذاق اڑوائیں اور نہ میری تضحیک کریں۔

مزید : صفحہ اول