شفاف اور منصفانہ الیکشن سے جمہوریت اور قومی ادارے مضبوط ہوں گے ، نگران وزیراعلی پنجاب
لاہور(جنرل رپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی نے کہاہے کہ نگران حکومت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی قومی ذمہ داری نبھانے کیلئے یکسو ہے اورعام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کے لئے یکساں مواقع فراہم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں انتظامیہ غیر جانبداری سے اپنے فرائض سر انجام دے گی اورالیکشن کمیشن کے فریم ورک میں رہ کر اپنا کام کریں گے۔انہوں نے کہاکہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لئے امن و امان برقرار رکھنا لازمی ہے۔شفاف اور منصفانہ الیکشن سے جمہوریت اور قومی ادارے مضبوط ہوں گے۔ نگران حکومت مقررہ مدت اور محدود مینڈیٹ کیلئے اپنے فرائض سر انجام دے گی۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کے دوران سیاسی جماعتوں کے درمیان توازن برقرار رکھا جائے گا اورسب کو ’’ لیول پلینگ فیلڈ‘‘ فراہم کرنے کی ذمہ داری پوری کریں گے۔دوسری طرف نگران وزیر اعلی پنجاب حسن عسکری رضوی کی پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں آمد پر پنجاب ہاؤس کے عملے نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ کمپٹرولر پنجاب ہاؤس اطہر قریشی نے نگران وزیر اعلی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ حسن عسکری رضوی نے اس موقع پر تمام سٹاف ممبران سے فردا فردا مصافحہ کیا اورپرجوش استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب