پانچ سال تک جھوٹ بولنے والوں کا انجام قریب ہے،خسرو بختیار
لاہور (سٹی رپورٹر)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ء خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پانچ سال تک جھوٹ بولنے والوں کا انجام اب قریب ہے ۔ قوم کو نئے وعدوں سے دھوکہ نہیں دے جا سکتا ۔ عوام اب ان کی حقیقت جان چکے ہیں ۔ اقتدار میں آکر پینے کے صاف پانی کے منصوبے شروع کرینگے تا کہ لوگوں کو گندہ پانی پینے سے لگنے والی بیماریوں سے بچایا جا سکے ۔ شہباز شریف بڑے آبی منصوبے تو دور کی بات عوام کو پینے کیلئے صاف پانی تک مہیا نہ کر سکے ۔ تمام ترقیاتی فنڈز صرف لاہور کی سڑکوں میٹرو اور اورنج ٹرین پر لگا دےئے گئے ۔جنوبی پنجاب کے عوام صاف پانی کی عدم دستیابی اور علاج معالجے کی بنیادی سہولتوں کے فقدان کے باعث وبائی امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔
اور گیسٹرو جیسی بیماری سے مر رہے ہیں۔خسرو بختیار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کر ے گی۔جنوبی پنجاب میں صحت پر زیادہ رقم خرچ کرے گی ۔ ہم تھانہ کچہری کی سیاست اور پٹوار کلچر کو ختم کرینگے تا کہ عوام کو محکمہ جاتی کرپشن سے نجات ملے اور انہیں فوری انصاف مل سکے ۔ ن لیگ نے کبھی جنوبی پنجاب کے مسائل پر توجہ نہیں دی ۔ ہم ہر صورت جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنوائیں گے تا کہ یہاں ترقی اور خوشحالی آئے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی کپاس ، گنا ، سورج مکھی اور مکئی جیسی فصلوں نے ملکی معیشت کو سنبھالا دے رکھا ہے حکمرانوں کی عدم توجہی کے باعث پانی کی جو شدید قلت پیدا ہو ئی ہے اس نے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ کرد یا ہے ۔ اس دفعہ پانی کی عدم دستیابی کے باعث کپاس کی فصل نہ ہونے کے برابر ہے ۔عوام الیکشن میں ان کسان دشمنوں کو مسترد کر دیں گے ۔