جعلسازوں کی عیدی مہم عروج پر، جعلی اہلکار سمیت 3پولیس ملازمین رنگے ہاتھوں گرفتار

جعلسازوں کی عیدی مہم عروج پر، جعلی اہلکار سمیت 3پولیس ملازمین رنگے ہاتھوں ...

لاہور(خبرنگار) عید قریب آتے ہی جعلی پولیس اہلکاروں کی عیدی مہم تیز، شہریوں کو لوٹنے والے ایک جعلی اہلکار سمیت 3 پولیس ملازمین رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈیفنس روڈ پر ہلوکی کے قریب دو پولیس اہلکار رضوان اکبر اورغلام محمود چیکنگ کے بہانے شہریوں سے نقدی چھین رہے تھے، ایک شہری کی شکایت پر دونوں پولیس اہلکاروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ شہری توحید کے مطابق پولیس اہلکاروں نے اس سے چیکنگ کے بہانے 81ہزار کی نقدی چھین لی تھی۔ گرفتار ہونے والے اہلکار چوکی نواب ٹاؤن میں تعینات اور ڈیوٹی سے فارغ ہو کر شہریوں سے لوٹ مار کرتے تھے۔ اسی طرح اعوان مارکیٹ کے علاقہ میو کالونی رمضان چوک میں ایک جعلی اے ایس آئی کو محلے داروں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم شفیق عرف لما اعوان مارکیٹ کا رہائشی ہے،وہ ایک خاتون جمیلہ بی بی کے گھر جعلی اے ایس آئی بن کر گیا۔اُسے ڈرا دھمکا کر لوٹ مارکرنے لگا تو خاتون نے ایمرجنسی 15پر کال کردی جبکہ شورسن کر محلے دار بھی جمع ہوگئے اور جعلی تھانے دار کو پولیس کے حوالے کردیا ۔پولیس چوکی پنجاب سوسائٹی رانا بشارت کا کہنا ہے کہ پکڑا جانے والا جعلی اہلکار اپنے آپ کو سی آئی اے کا ملازم ظاہر کرتا ہے،ملزم کے خلاف پہلے بھی مختلف تھانوں میں شکایات آنے کے بارے میں پتہ چلا ہے تاہم ملزم شفیق کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ درج کیاجارہا ہے۔

مزید : علاقائی