صوبائی دارالحکومت میں ون ویلنگ کے کرتب اور مظاہرے، 30سے زائد منچلے گر کر شدید زخمی

صوبائی دارالحکومت میں ون ویلنگ کے کرتب اور مظاہرے، 30سے زائد منچلے گر کر شدید ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں ون ویلروں نے دن بھر سڑکوں پر اودھم مچائے رکھا، شہر کی اہم سڑکوں پر ویلرز مختلف کرتب دکھاتے رہے جس کے دوران 30 سے زائدمنچلے موٹر سائیکلوں سے گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں 8ویلرز کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے سخت انتظامات اور کریک ڈاؤن کے باوجودون ویلنگ جیسے خونی کھیل پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ گزشتہ روز اتوار کوون ویلنگ کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ۔ کینال روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، شاہراہ قائد اعظم، فیروز پور روڈ، شالامار لنک روڈ،جی ٹی روڈ ، ملتان روڈ اور مین بلیووارڈسمیت شہر کی متعدد سڑکوں پر ویلرز صبح سویرے ہی گروپوں کی شکل میں آ گئے اور موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ کے دوران مختلف کرتب دکھاتے رہے۔ اس موقع پر شہر کی مختلف سڑکوں پر کرتب دکھاتے ہوئے30 سے زائد منچلے گر کر شدید زخمی ہو گئے جن میں متعدد ویلر تیز رفتاری ، فٹ پاتھ اورگاڑیوں سے ٹکرانے کے باعث زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں8 ویلرز18 سالہ علی، 20 سالہ عمران محمود، 15 سالہ ذیشان ، 14 سالہ تیمور،17 احمد علی،19 محمود اختر،20 سلطان سکندر اور 22 سالہ راشد محمود کی حالت جناح، میو اور سرویز ہسپتال میں تشویشناک بتائی گئی ہے جبکہ15 ویلروں کو طبی امداد کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ تھانہ غالب مارکیٹ اور تھانہ شادمان سمیت تھانہ ریس کورس کی حدود میں سب سے زیادہ ون ویلنگ کی گئی ہے۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ متعدد ویلرز کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

مزید :

علاقائی -